جاپان میں آٹھ سال پہلے قیامت خیزسونامی اور زلزلے میں جاں بحق ہونے والے جاپانیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اس سانحے میں لاہورکے رہائشی ایاز سلیم سندھو مرحوم کے لیےسالانہ دعائیہ تقریب کاگزشتہ دنوں باندو شہر کے معروف پاکستانی ریسٹورنٹ میں اہتمام کیا گیا ،جس میں ٹوکیو ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر مسٹر اوکاوا ، رکن اوگاوا اورُمی،جاپان میں سوڈان کے سابق سفیر اور اسلامک سینٹر جاپان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر موسیٰ محمد عمیر ، سائتاما سٹی آفس کے کیوچی اوچی دا، سائتاما ہائی اسکول کے پرنسپل ایسو آسو، پاکستان ایسوسی ایشن کے سابق صدر،اسلامک سوسائٹی جاپان کے چیئرمین، معروف مذہبی اور سماجی شخصیت رئیس صدیقی مہمانان خصوصی تھے۔ اس دعائیہ تقریب کا آغاز مفتی حسن رضا خان کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوااور اس کا جاپانی ترجمہ بھی کیاگیا۔ اس موقعے پر سیکی گوچی سُنا نے جاپان اور پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا ۔اس کے بعد تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اس پروگرام کی نقابت پروگرام کے منتظم محمد انعام الحق نے کی اس کے بعد مہمانان خصوصی اور بنگلہ دیش کمیونٹی کے سربراہ قمرالزمان ،سینئر پاکستانی یوسف ہودو،آئی سی ایل کے چیئرمین سید جاوید زیدی، معروف سماجی کارکن نعیم الغنی آرائیں،محمد انعام الحق، محترمہ سکی گوچی مینواور دیگر مقررین نے اظہارِ خیال کیا ۔اس پروگرام کی تمام کارروائی جاپانی زبان میں ہوئی۔ اس موقعے پر باندو شہر کے میئر کیمورا توشی فومی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا ۔شرکا میں رائے تجمل حسین منج، سید یاسر عباس شاہ، محمد آصف بھٹی ، معروف صحافی،صیحم عباسی ،ملک امتیاز، ملک طاہر ، محمد قمر مصطفائی ، سید ثمر شاہ، کلیم خان اورکئی دیگر احباب بھی موجود تھے۔آخر میں سانحے میں شہید ہونے والے واحد پاکستانی ایاز سلیم سندھو مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیےفاتحہ خوانی بھی کی گئی تھی، پاکستان جاپان عالم اسلام کی ترقی ،خوشحالی، امن سلامتی اور دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی ۔اس موقعے پر ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی جارحیت ،کشمیر کے مظلوم عوام اور ہندوستان کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
قطر میں مقیم معروف سماجی و کاروباری شخصیت اور ن لیگ، قطر کے پیٹرن انچیف چوہدری پرویز اقبال نے کہا ہے کہ اپنے محدود جغرافیے اور مختصر آبادی کے باوجود قطر کی حکومت نے اپنے عوام کے لیے دنیا کا بہترین تعلیمی نظام اور اعلیِ ترین صحت کی سہولیات فراہم کرکے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ چوہدری پرویز اقبال نے کہا کہ قطر کی آبادی چھبیس لاکھ افراد پر مشتمل ہے، جس میں قطر کے شہریوں کی تعداد تین لاکھ تیرہ ہزار افراد پر مشتمل ہے ،جبکہ بقایا بائیس لاکھ سے زائد افراد غیر ملکی ہیں، جن میں پاکستانیوں کی تعداد بھی سوا لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جو زیادہ تر ملازمت پیشہ ہیں ،جبکہ ایک مختصر تعداد کاروبار سے بھی منسلک ہے ،جبکہ قطر میں پاکستانی سفارتخانہ بھی پاکستانی شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کررہا ہے ،روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ قطر کے صدر راشد بٹ نے کہا کہ مسلم لیگ ن قطر میں سیاست سے زیادہ سماجی خدمات میں حصہ لیتی ہے لیکن ہماری ساری سیاست خدمت کی صورت میں ہوتی ہے ،ہم قطر میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر زیادہ توجہ دیتے ہیں جو ہمارے قائد میاں نواز شریف کا ہمارے لیے طے شدہ اصول بھی ہے کہ زیادہ سے زیادہ اپنے لوگوں کے مسائل کیے جائیں۔ راشد بٹ نے کہا کہ قطر نے پاکستان کی معیشت کی بہتری میں شاندار کردار ادا کیا ہے ۔آج پاکستان کی معیشت میں قطر سے فراہم کی جانے والی ایل این جی گیس اہم کردار ادا کررہی ہے اس کے باوجود صرف ذاتی دشمنی کی بنیاد پر میاں نواز شریف کے اس اہم کارنامے کو بھی سیاست کی نذر کیا جارہا ہے اور ہمارے قطری دوستوں کے خلوص اور پاکستان سے محبت کو بھی شک کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔ اس موقعے پر معروف طبلہ نواز اور ایونٹ میجنر نزاکت علی نے بھی تقریب میں شرکت کی جبکہ جاپان سے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان سینئر نائب صدر ملک یونس اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے بھی ٹیلیفون کے ذریعے تقریب میں شرکاء سے خطاب کیا۔