ایک نئی اور حوصلہ افزا تحقیق کے مطابق ایلو ویرا یا گھیکوار الزائمر (دماغی کمزوری اور نسیان) کی بیماری سے لڑنے میں ایک خفیہ ہتھیار ثابت ہو سکتا ہے۔
محققین نے ایلو ویرا میں ایسے مرکبات دریافت کیے ہیں جو الزائمر کی بیماری کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ الزائمر ڈیمنشیا کی سب سے عام وجہ ہے۔
الزائمر ایک بتدریج بڑھنے والی بیماری ہے جو انسان کی یادداشت کو متاثر کرتی ہے اور یہ زیادہ تر 65 سال سے زائد عمر کے افراد میں عام ہے۔
جیسے جیسے یہ بیماری بڑھتی ہے، یادداشت کے مسائل زیادہ شدید ہو جاتے ہیں اور مزید علامات ظاہر ہو سکتی ہیں، جیسے سوچنے اور بولنے کی رفتار میں کمی اور وہم یا فریب نظر کی کیفیت پیدا جاتی ہے۔
اب تک الزائمر کی بیماری کا کوئی موثر علاج موجود نہیں ہے، لیکن ایسی دوائیں دستیاب ہیں جو کچھ علامات کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ ان میں کولین ایسٹریز انہیبیٹرز شامل ہیں، جو دماغی کیمیائی مادوں کو بڑھا کر ہلکے سے درمیانی درجے کے مراحل میں پہنچاتے ہیں۔
ایک نئی تحقیق میں محققین نے دریافت کیا ہے کہ بیٹا سیٹوسٹرول، جو ایک قدرتی نباتاتی مرکب ہے اور ساخت میں کولیسٹرول سے مشابہت رکھتا ہے، یہ قدرتی طور پر ایلو ویرا میں پایا جاتا ہے اور یادداشت کی کمی و ذہنی صلاحیتوں میں زوال سے وابستہ دو اہم انزائمز کے ساتھ مضبوط تعامل کرتا ہے۔
یہ خصوصیات اس اسپونجی سبز پودے (گھیکوار) کو الزائمر کے علاج کے لیے ایک ممکنہ دوا بناتی ہے۔ بیٹا سٹوسٹرول اکثر ایلو ویرا کے پتے کے جیل میں زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔
یہ جلد کی صحت اور عمومی تندرستی کے لیے بنائے گئے غذائی سپلیمنٹس میں بھی موجود ہوتا ہے۔ بیٹا سیٹوسٹرول پہلے ہی کولیسٹرول کم کرنے اور بڑھے ہوئے پروسٹیٹ کی علامات کو قابو میں رکھنے کے لیے بطور سپلیمنٹ استعمال کیا جاتا ہے۔