کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نمبر چار کے جج فریدانوار قاضی نے صدر کراچی بار ایسوسی ایشن نعیم قریشی و دیگر کے خلاف رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔ رجسٹرار کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نعیم قریشی ہجوم کی شکل میں بغیر اجازت چیمبر میں داخل ہوئے،نعیم قریشی و دیگر کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں،نعیم قریشی و دیگر نے کہا کہ جو کرنا ہے کرلو جس کو بلانا ہے بلا لو،وکلا کا یہ قدم عدالتی وقار کے منافی ہے،عدالت کیخلاف نعرے لگا کر توہین کی گئی، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد نعیم قریشی و دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔جبکہ کراچی بار کے صدر نعیم قریشی کا کہنا ہے کہ اندراج مقدمہ کی دفعہ 22-Aمیں ترمیم کیخلاف پورے ملک میں احتجاج ہورہا ہے، ہمارے پاس بھی اس حوالے سے شکایات آئی تھیں۔ ہم مذکورہ جج کے پاس گئے تھے اور ان سے درخواست کی کہ اس بارے میں تعاون کیا جائے۔