• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے دیوار کی تعمیر کے معاملے پر کانگریس کا اقدام ویٹو کر دیا

واشنگٹن (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ، میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے اعلان کا دفاع کرتے ہوئے کانگریس کے اقدام کو معطل کر دیا ہے۔غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹرمپ نے اول آفس میں اس خصوصی حکم نامے پر دستخط کئے ہیں۔صدر نے کہا کہ کانگریس کے پاس قرارداد منظور کرنے کی آزادی ہے، جب کہ یہ میرا فرض ہے کہ میں اْسے ویٹو کروں۔خصوصی حکم نامے پر دستخط کے وقت قانون کا نفاذ کرنے والے اہلکار اور ساتھ ہی اْن بچوں کے والدین بھی موجود تھے جنھیں امریکہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے جرائم پیشہ افراد نے ہلاک کیا تھا۔ ٹرمپ نے کانگریس کے اقدام کو خطرناک اور ناعاقبت اندیشی پر مبنی قرار دیا۔ٹرمپ کی جانب سے ویٹو کے استعمال کے بعد اب یہ معاملہ پلٹ کر کانگریس واپس ہوگیا ہے، جہاں ممکن نہیں لگتا کہ ویٹو پر حاوی پایا جا سکتا ہے۔صدر کے ویٹو کو مسترد کرنے کے لیے دونوں، ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوگی۔واضح رہے کہ جمعرات کو کانگریس نے صدر ٹرمپ کے قومی ایمرجنسی کے اعلان کو باضابطہ طور پر مسترد کیا تھا، جس میں سرحد کی تعمیر کے لیے رقوم مختص کی گئی تھیں، جب کہ سینیٹ نے اس انتظامی حکم نامے کو 41 کے مقابلے میں 59 ووٹوں سے نامنظور کیا۔
تازہ ترین