حالیہ دور ’میڈیا وار‘ کا ہے، جس میں سوشل میڈیا ایک اہم ترین ہتھیار کے طور پر سامنے آیا ہے۔ سیاستدانوں، کھلاڑیوں، انٹرپرینیورز اور دیگر افراد کی طرح شوبز سیلیبرٹیز بھی سوشل میڈیا کو اپنے حق میں خوب استعمال کرتی ہیں۔ وہ اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کیلئے سوشل میڈیا کو ایک اہم ترین ٹول سمجھتی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام کی بات کی جائے تو فٹبال سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو 15کروڑ 26 لاکھ سے زائد فالورز کے ساتھ ’موسٹ فالوڈ‘ انسٹاگرام شخصیت ہیں۔ اگر شوبز کی دنیا پر نظر ڈالی جائے تو چند ماہ پہلے تک انسٹا گرام پر ’موسٹ فالوڈ‘ شخصیت کا اعزاز سِلینا گومزکے پاس تھا، جسے کافی عرصہ انھوں نے اپنے پاس رکھا۔ تاہم اب سِلینا گومز سے یہ اعزاز چھن چکا ہے اور ان سے یہ اعزاز چھیننے والی شخصیت کوئی اور نہیں بلکہ ہالی ووڈ کی ہی ایک گلوکارہ آریانا گرینڈ ہیں، جن کے انسٹا گرام پر فالورز کی تعداد 146,286,173(یعنی 14کروڑ 62لاکھ سے زائد) ہوچکی ہے۔ دوسرے نمبر پر آجانے والی سِلینا گومز کے انسٹاگرام فالورز کی تعداد 146,267,801ہے۔
سِلینا گومز کی مسلسل تنزلی
حیران کن بات یہ ہے کہ سِلینا گومز گزشتہ سال اکتوبر سے انسٹا گرام پر اپنی برتری قائم رکھنے کی جنگ میں مسلسل شکست کھا رہی ہیں۔ گزشتہ سال اکتوبر تک سِلینا گومز انسٹاگرام کی ’آل ٹائم موسٹ فالوڈ‘ شخصیت تھیں۔ پھر اسی ماہ فٹبال سُپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو، ان سے یہ اعزاز سے چھینتے ہوئے انسٹاگرام کی ’’آل ٹائم موسٹ فالوڈ‘ شخصیت بن گئے۔ اس کے بعد سِلینا گومز کے پاس انسٹاگرام کی ’موسٹ فالوڈ شوبز پرسنالٹی‘ کا اعزاز بچا تھا، تاہم آریانا گرینڈ کی وجہ سےان سے اب یہ اعزاز بھی چھن چکا ہے۔
آریانا گرینڈ کی ترقی
انسٹاگرام پر آریانا گرینڈ نے جو نیا سنگِ میل عبور کیا ہے، اس پر شاید ہی کسی کو حیرانی ہو۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران انسٹاگرام پر آریانا گرینڈ کے فالورز کی تعداد میں13ملین (ایک کروڑ 30 لاکھ) کا اضافہ ہوا، جس کی وجہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کا ہروقت سرگرم رہنا ہے۔
آریانا گرینڈ کے برعکس، سلینا گومز نے گزشتہ سال ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیوں کو بتدریج محدود کرکے اپنے ذہنی اور نفسیاتی مسائل کے علاج پر توجہ دیں گی، جس کے بعد فوٹو شیئرنگ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کی سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں۔
آریانا گرینڈ کے فالورز میں تیزی سے اضافے کی وجہ امریکی گلوکارہ کا نیا البم ’’تھینک یو، نیکسٹ‘‘ بنا ہے، جو بِل بورڈ 200البم چارٹ پر نمبر وَن پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ ’’تھینک یو، نیکسٹ‘ کے بعد آریانا گرینڈ کا ایک اور گانا ’’7رِنگز‘‘ بھی بِل بورڈ کے پاپ سونگز چارٹ پر نمبروَن پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، آریانا گرینڈ نے امریکی بِل بورڈز کے پاپ سونگز چارٹ پر ایک نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے اور یہ ریکارڈ ہے 8ماہ کی قلیل مدت میں پاپ سونگز چارٹ پر ان کے 4گانوں کا نمبروَن پوزیشن پر آنا، یہ اعزاز اس سے پہلے صرف عظیم امریکی گلوکار مائیکل جیکسن (1987-88ء)کے پاس تھا۔
آریانا گرینڈ کے کیریئر پر نظر
26جون 1993ء کو فلوریڈا میں پیدا ہونے والی آریانا گرینڈ نے اپنے کیریئر کا آغاز 2008ء میں براڈوے میوزیکل سے کیا۔ اس کے بعد 2014ء تک انھوں نے مختلف ٹیلی ویژن سیریز میں کام کیا۔ آریانا نے ٹیلی ویژن کے علاوہ تھیٹر بھی کیا جبکہ اینی میٹڈ ٹیلی ویژن اور فلموں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
آریانا کا موسیقی کا کیریئر 2011ء میں ’’وِکٹوریَس‘‘ کے ایک ساؤنڈ ٹریک سے شروع ہوا۔ 2013ء میں انھوں نے اپنا پہلا اسٹوڈیو البم ’’یورز ٹُرولی‘‘ ریلیز کیا، جس نے امریکا کے بل بورڈ 200چارٹ پر جگہ بنائی۔ ’’دا وَے‘‘اس البم کا ’لِیڈ سونگ‘ تھا،جس نے بل بورڈ ہاٹ 100کے ٹاپ 10میں جگہ بنائی۔ ناقدین نے ان کی گائیکی کو امریکا کی ایک اور شہرت یافتہ گلوکارہ ماریہ کیری سے تشبیہہ دی۔
آریانا گرینڈ کا دوسرا البم ’’مائی ایوری تِھنگ‘‘ (2014ء) امریکا میں نمبروَن اور دیگر 24ملکوں میں ٹاپ 10میں شامل رہا۔ ’’ڈینجرس وومن‘‘ (2016ء) ان کا تیسرا البم تھا اور بل بورڈ 200پر دوسرے نمبر پر آنے میں کامیاب رہا۔ البم کے ٹائٹل ٹریک نے بل بورڈ ہاٹ 100پر نمبر 10پر جگہ بنائی۔ اس طرح وہ پہلی امریکی گلوکارہ بن گئیں، جن کے ابتدائی تینوں البم کے سنگلز نے امریکا میں ٹاپ ٹین میں ڈیبیو کیا۔
2016ء میں ٹائم میگزین نے انھیں دنیا کی 100سب سے زیادہ بااثر شخصیات کی سالانہ فہرست میں شامل کیا، جبکہ 2018ء میں بل بورڈ نے انھیں ’’وومن آف دی ایئر‘‘ کا خطاب دیا۔
وہ اس کے علاوہ ایک گریمی ایوارڈ، ایک BRITایوارڈ، تین امریکن میوزک ایوارڈز، تین ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈ اور دو ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز بھی جیت چکی ہیں۔