علم نجوم میں دائرۃ البروج کے 0سے29درجات پر مشمل حصہ، برج حمل(Aeries)کہلاتا ہے۔ فطری ترتیب کے لحاظ سے یہ پہلا برج ہے۔ شمس 21مارچ سے 19اپریل تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔ برج حمل کا حاکم سیارہ مریخ(Mars)، اس کی خوبی ’رہبر یاموجد‘ہونا، علامتی نشان مینڈھا، عنصر یا مادہ آگ، جنس مذکر، خوش بختی کا دن منگل، رنگ لال (Red)، خوش بخت بروج اسد اور قوس، پتھر ہیرا، خوش بختی کے اعداد9,18,27جبکہ صحافت، ادب، انجینئرنگ، مہم جوئی، سیلز، تصنیف و تالیف، سیاست، افواج، کھیل اور سیاحت جیسے پیشے موافق رہتے ہیں۔
شخصیت کا جائزہ
برج حمل کے تحت پیدا ہونے والے افراد بہادر، باہمت، طاقتور، متحرک، پرعزم اور تخلیقی و قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں۔ حمل افراد کوئی بھی کام محض اس لیے نہیں کرتے کیونکہ ہر کوئی اسے کررہا ہوتا ہے، وہ ہرعمل 100فیصد لگن سے کرتے ہیں۔ وہ کسی بھی منصوبے کا آغازانتہائی پُرجوشی سے کرتے ہیں اور ایک بار جس کام کو کرنے کا ارادہ کر لیں تو پھر اسے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ہی دَم لیتے ہیں۔ اگر مقابلے کی فزا پیدا کردی جائے تو برج حمل سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ مضبوط قوت ارادی کی وجہ سےیہ افراد بامقصد اور ٹھوس فیصلے کرتے ہیں اور ہر قدم سوچ سمجھ کر اُٹھاتے ہیں۔ یہی بات انھیں دوسروں سے ممتاز کرتی ہے اور وہ کامیابی کی منازل طے کرتے جاتے ہیں۔
شوبز کی چند معروف حوت شخصیات
ملکی اور غیرملکی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات برج حمل سے تعلق رکھتی ہیں، جن میں چند کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔
عمرشریف
دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے لیجنڈ مزاحیہ اداکار اور نامور اسٹیج آرٹسٹ عمر شریف19اپریل1955ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے 14سال کی عمر میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ پہلی بار اسٹیج ڈرامہ کو آڈیو کیسٹ کے ذیعے ریلیز کرنے کا سہرا بھی عمر شریف کے سر ہے۔ کامیڈی کنگ کہلائے جانے والے عمرشریف نے لاتعداد اسٹیج ڈراموں، فلموں اور ٹی وی سیریلز میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں اور حسِ مزاح سے لوگوں کو محظوظ کیا۔ بنیای طور پر ان کی وجہ شہرت مزاحیہ اسٹیج ڈرامے ہیں، جن میں کامیاب پرفارمنس کے ذریعےانھوں نے خود کو منوایا۔ بے شمار ٹی وی شوز میں شگوفے چھوڑتی میزبانی اور اپنے اچھوتے انداز سے انھوں نے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔
ثمینہ پیرزادہ
پاکستان کی معروف اداکارہ و ہدایتکارہ ثمینہ پیرزادہ 9اپریل1955ء کو لاہور میں پیداہوئیں۔ انھوں نے 1982ء میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور ہمیشہ معیاری اسکرپٹ کے حامل ڈراموں میں اچھی کاسٹ کے ساتھ کام کرنےکو ترجیح دی ہے۔ ثمینہ اب تک کئی نامور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جن میں تھوڑی سی محبت، عشق کی انتہا، میری ذات ذرہ بے نشاں، گھاؤ قابلِ ذکر ہیں۔ ان کی شادی 1975ء میں شوبز انڈسٹری کے معروف نام عثمان پیرزادہ سے ہوئی۔
صبا قمر
5اپریل 1984ء کو حیدرآباد میں پیدا ہونے والی ماڈل و اداکارہ صبا قمر پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں۔
انھوں نے 2005ء میں ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا جبکہ 2013ء سے فلموں میں کام کرنا شروع کیا۔ وہ جیو ٹی وی کے مشہور پروگرام ’ہم سب امید سے ہیں‘ میں سیاستدانوں اور اداکاروں کی پیروڈی بھی کرتی رہی ہیں۔ برصغیر پاک و ہند کے مایہ ناز افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بنائی گئی پاکستانی فلم ’منٹو‘ میںصبا قمر نے ملکہ ترنم نور جہاں کا کرداربخوبی نبھایاتھا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے انھیں 2012ء میں تمغہ امتیاز اور 2016ء میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔
مومل شیخ
معروف فلم اسٹار جاوید شیخ کی صاحبزادی مومل شیخ نے بہت کم وقت میں ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی ہے۔6اپریل 1986ء کو کراچی میں پیدا ہونے والی مومل اپنے والد کے نام کا سہارا لینے کے بجائے خود محنت کرکےانڈسٹری میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ انھوں نے 2008ء میں ڈرامہ سیریل ’یہ زندگی ہے‘ سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کا شمار انڈسٹری کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے ۔
کورٹنی کارڈیشین
18اپریل 1979ء کو امریکا میں پیدا ہونے والی امریکی رئیلیٹی ٹی وی شو اسٹار کورٹنی کارڈیشین اپنی چھوٹی بہنوں کِم اور کلوئی کارڈیشین کی طرح مشہور ماڈل اور بزنس وومن ہیں۔ وہ اپنی بہنوں کے ساتھ ریٹیل اور فیشن انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مختلف برانڈز کی تشہیر کرکے آمدنی حاصل کرتی ہیں۔ کورٹنی نے رواں سال کے آغاز پر "Poosh"کے نام سے اپنی ذاتی ویب سائٹ بھی بنالی ہے۔
سیلین ڈیون
30مارچ 1968ء کو کینیڈا میں پیداہونے والی پاپ اور راک سنگر سیلین ڈیون کو 1997ء میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم’ٹائٹینک‘ کے گانے"Every night in my dreams" نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔ وِل جینگز کے تحریرکردہ اس خوبصورت گیت کے بولوں پر سیلین ڈیون کی تیکھی آواز نے گویا جادو سا جگا دیا تھا۔ 1981ء میں مائیکل جیکوئس کے ٹاک شو میں سیلین ڈیون نے ٹی وی کے لیے اپنا پہلا گانا گایا، جس پر حاضرین نے ان کی آواز کی خوب داد دی، ہر ایک کے لبوں پر یہی بات تھی کہ یہ گلوکارہ بہت آگے جائے گی۔
لیڈی گاگا
28مارچ 1986ء کو امریکا میں پیدا ہونے والی لیڈی گاگاایک سال میں تمام بڑے ایوارڈز حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔ حال ہی میں انھیں اپنے گانے شَیلو (Shallow) پر ’بیسٹ اوریجنل سونگ کیٹیگری‘ میں آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ لیڈی گاگا اپنے اس گانے پر گولڈن گلوب ایوارڈ بھی جیت چکی ہیں جبکہ اس سے پہلے، اسی گانے پر انھوں نے گریمی میں چار نامزدگیاں بھی حاصل کیں اور دو کیٹیگریز میں ایوارڈ جیتنےاوررواں سال بافٹا میں بیسٹ فلم میوزک کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی تھیں۔
ایما واٹسن
کم عمری میں ہی اپنی ذہانت و صلاحیت سے ایک دنیا کو اپنا اسیر بنانے والی اداکارہ ایما واٹسن 15اپریل1990ء کو فرانس میں پیدا ہوئیں اور آکسفورڈشائر میںپرورش پائی۔ فلم ہیری پوٹر سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی ایما واٹسن اس سیریز کے بعد سے صرف منتخب فلموں میں کام کررہی ہیں۔ ہیری پوٹر فلم سیریز کے مرکزی کردار ہرمائنی گرینجر کے ذریعے ان کی شہرت کے سفر کا آغاز ہوا اور وہ 2001ء سے 2011ء تک اس سیریز کی تمام آٹھوں فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔ اس سے سیریز سے قبل انھوں نے صرف اسکول ڈراموں میں اداکاری کی تھی۔ 2014ء میں اقوام متحدہ کی جانب سے انھیں خواتین کیلئے خیرسگالی سفیر بھی مقرر کیا گیا۔