• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو خوشحال بنانا ہم سب کی ذمے داری ہے،کمیونٹی رہنما

کوونٹری (نمائندہ جنگ) پاکستان ہمارا ملک ہماری دھرتی ہے اس کی حفاظت کرنا اور اسے خوشحال بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان و کشمیری کمیونٹی کے سرکردہ رہنماؤں نے یوم ہاکستان کو بھرپور انداز میں منانے کے لئے منعقدہ اجلاس سے کیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کمیونٹی کو دعوت دی جائے گی بچوں کو پاکستان سے متعلق آگاہی دینے کے حوالے سے تقاریر ہوں گی ملی نغموں اور قومی ترانے کا اہتمام ہو گا، کھانے کا باقاعدہ انتظام کیا جائے۔ اجلاس میں مسجد کمیٹی کے صدر حاجی عارف نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور جان ہے اس کی ترقی خوشحالی اور نام پیدا کرنے کے لیے ہم سب کو متحدو منظم ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی تاکہ ہاکستان کا نام اور مقام بلند ہو انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری پاکستانی کمیونٹی کو یوم پاکستان جوش جذبے سے منانا چاہئے، ممتاز کشمیری رہنماء حاجی مبارک خان نے کہا کہ اس مرتبہ پاکستان کا قومی دن انتہائی جوش ولولے سے منانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے کیوںکہ ہمارا دشمن بھارت پاکستان اور کشمیر کے اتفاق اور آپس کی محبت سے پریشان ہو گیا ہے، ان حالات میں ہمیں اور زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے، مسلم ریسورس سنٹر کے جنرل سیکرٹری راجہ اصغر نمبل نے کہا کہ اس دفعہ یوم پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ آج پاکستان ایک امن پسند ملک بن کر ابھرا اور ایک طاقتور ملک کے طور پر پہچانا جانے لگا ہے، دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے اب ضرور اس امر کی ہے کہ قومی دن انتہائی جوش اور ولولے سے منا کر دشمنوں کو حیران کر دیں۔ چوہدری قمر ، چوہدری عامر نے کہا کہ نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ دعوت دی جائے تاکہ وہ پاکستان سے متعلق جان سکیں اور اپنے ملک کے قریب ہو سکیں۔ اجلاس سے چوہدری جاوید اوربیرسٹر شبیر نے کہا کہ پاکستان ایک لازوال حقیقت ہے جس کا نام بلند کرنے کے لئے ہم سب کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی۔ کوونٹری کی کمیونٹی مبارک باد کی مستحق ہے جس نے پاکستان ڈے منانے کے اقدامات کئے۔ یوم پاکستان کو مثبت انداز میں منا کر یہ ثابت کرنا چاہئے کہ ہم ایک ہیں اور اپنے ملک کے لئے متحد ہیں، انہوں نے کہا کہ 23مارچ جشن پاکستان کا دن ہے عوام یوم پاکستان منانے کے لئے مسلم ریسورس سنٹر بروقت تشریف لائیں اور زیادہ سے زیادہ شرکت کریں ۔
تازہ ترین