• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


 ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی مسلح افواج کے ساتھ پریڈ میں چین، سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستے اور ہواز باز بھی شریک ہوئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں جو صدرِ مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود، ائیرچیف مارشل مجاہد انورخان اور وائس ائیر چیف کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر براجمان ہیں۔

صدرِ مملکت سمیت مہمانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے اور تلاوت قرآن پاک کے ساتھ ہوا،جس کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلح افواج کے دستوں نے سلامی پیش کی اور صدر نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا۔

صدرِ مملکت کو سلامی پیش کیے جانے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی پیش کی جب کہ ائیرچیف نے کاکٹ پٹ سے براہِ راست پیغام بھی دیا۔

ائیر چیف کی سربراہی میں پاک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور اس دوران طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا۔

ئیر چیف مارشل نے ایف 16 طیارے میں پریڈ گراؤنڈ کے چکر لگائے اور فضا میں بلند ہوگئے، جے ایف 17، ایف 16، میراج اور ایف 7 پی طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا۔

صدرِ مملکت عارف علوی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا اور شاندار پریڈ کے انعقاد پر مسلح افواج اور منتظمین کو مبارکباد دی۔

پاک فوج، رینجرز، بحریہ کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی دی اور الخالد ٹینکوں کے دستے نے بھی مخصوص انداز میں سلامی پیش کی۔

تقریب میں غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفارتکار اور اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کی گئی جس میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والے الخالد سمیت دیگر ٹینکوں اور میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔

تقریب میں موجود مہمان وزیراعظم مہاتیر محمد کو پاکستان کا قومی پرچم پیش کیا گیا، انہوں نے سبز ہلالی پرچم کو بصدِ احترام بوسہ دیا۔

تقریب کے آخر میں گلوکار ساحر علی بگا نے آئی ایس پی آر کی جانب سے یومِ پاکستان کے لیے بنایا گیا خصوصی نغمہ گاکر شرکا کا لہو گرمایا۔

یوم پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔


تازہ ترین