• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ نے کبھی ملازمت کیلئے درخواست دی ہو اور آپ کو انٹرویو کیلئے بلایا گیا ہوتوآپ کی سب سےپہلے ملاقات ادارے کے ہیومن ریسورس(HR)نمائندے سے ہوئی ہوگی۔ رسمی بات چیت کے بعد اس نے آپ کو دوبارہ انٹرویو کا آسرا دیا ہوگا یا کال بیک کرنے کا کہا ہوگا۔ دراصل ہیومن ریسورس اسپیشلسٹ کمپنی مالکان یا سی ای اوز کیلئے ایسے موزوں امیدواروں کوڈھونڈنے میں مدد کرتے ہیں، جو کمپنی کی ضرورتوں کو احسن طریقے سے پورا کرسکیں۔ ایچ آر اسپیشلسٹ امیدواروں کی درخواستوں کو وصول کرنے، انٹرویوز لینے اوران کے پس منظرکو چیک کرتا ہے۔ وہی آپ کو ملازمت پکی ہونے کی خوش خبری یا مسترد ہونے کی اطلاع دیتاہے۔ ویسے مسترد ہونے کی اطلاع بہت کم ہی دی جاتی ہے، اس لیے اگر کافی عرصے تک آپ کو فون نہ آئےتو سمجھ لینا چاہیے کہ اب آپ کو کسی اور کمپنی میں ملازمت کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے۔ ادارے میں بھرتیاں کرنے کے علاوہ بھی ایچ آر کا کام ہوتاہے۔ ایک ایچ آر اسپیشلسٹ ملازمت پر آنے والے نئے ملازم کو کمپنی کی پالیسیوں، طریقہ کار اور فوائد وغیرہ سے آگاہ کرتا ہے۔ اس کےساتھ ساتھ وہ کمپنی کے مفاد اور ملازموں کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی کام کرتا ہے۔

ایچ آرکی ذمہ داریوں کا مختصر جائزہ

٭ملازمت پر رکھنے کیلئےانٹرویو کی درخواستیں وصول کرنا، انٹرویو منعقدکرنےیا کروانے، حوالے جمع کرنے اور دستاویزات کو منظم کرنا۔

٭جب تک ملازمت کا حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا، تمام تر پروسیس کو فالو کرنا۔

٭نئے ملازموں کی تعیناتی کیلئے پیپر ورک مکمل کرنا۔

٭ملازمین کے تمام تر سوالات کے جوابات دینا، جو وہ اپنی حاضری، فوائد یا چھٹیوں سے متعلق پوچھیں۔

٭ کمپنی کےمفاد میں نئے ملازمین کو اعتماد میں لینا اور انہیں پالیسیوں اور طریقہ کار سے آگاہ کرنا۔

٭ انتظامیہ کے ساتھ مل کر ٹیم کوآگے بڑھانے یا ترقیاں دلوانے اور ان کے کیریئر کے پھلنے پھولنے میں اپنے تجربات سے مدد کرنا۔

٭ بعض کمپنیوں میں ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ تقریبات کے انعقاد میں بھی ہاتھ بٹاتاہے۔

ایچ آر اسپیشلسٹ کیسے بنا جائے ؟

زیادہ تر کمپنیاں صرف انہیں امیدواروں کو ہیومن ریسورس اسپیشلسٹ کی ملازمت فراہم کرتی ہیں، جن کے پاس ہیومن ریسورس مینجمنٹ ، بزنس مینجمنٹ یا اس کے مساوی مضامین کی بیچلر یا اس سے اعلیٰ ڈگری ہوتی ہے۔ ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈگری کےساتھ اگر آپ کے پاس سائیکا لوجی کی بھی ڈگری ہے یا اس کا میجر یا مائنر کورس ہے تو آپ کو ہاتھوں ہاتھ لیا جاسکتاہے۔ میجر کورس کے علاوہ بھی آپ کو پرسنل ایڈمنسٹریشن، ہیومن ریسورسز، لیبر ریلیشن، سوشل سائنسز، بزنس ایڈ منسٹریشن اور بی ہیوریئل سائنس کے مضامین میں نمایاں ہونا ضروری ہوتاہے۔ ہیومن ریسورس اسپیشلسٹ ضروری نہیں کہ سند یافتہ(certified)ہو لیکن آپ اس فیلڈ میں تجربہ حاصل کرتے ہوئے اپنا ایک نام اورمقام بنا سکتے ہیں۔

کامیابی دلوانے والی مہارتیں 

اس کام میں آپ کو اچھا سامع ہونا ضروری ہے۔ آپ جب تک امیدوارکی بات غور سے نہیں سنیں گے، آپ اپنےجوابات سے اسے مطمئن نہیں کرپائیں گے۔ بردبار، حلیم اور دھیما مزاج ہونا بھی آپ کی مدد کرسکتا ہے۔ غصہ ہونا یا جلد بازی کا شکا ر ہونا، کمپنی کی ساکھ پر اثر انداز ہوتاہے۔ آپ چونکہ کمپنی کا پہلا فرد ہوتے ہیں، جس سے کوئی بھی امیدوار آکر ملتا ہے، اس لیے آپ کواپنی تمام تر شخصیت سے امیدوار پر اچھا تاثرچھوڑنا چاہیے۔ اگروہ ملازمت حاصل نہ بھی کرپائے تو اچھے لفظو ں میں آپ کا اور کمپنی کا ذکر کرے گا۔ اس کے علاوہ آپ کو اپنی گفتگو پر بھی عبورحاصل ہونا چاہیے تاکہ آپ انٹرویو کا سارا معاملہ احسن طریقے سے انجام دے پائیں۔ آپ کو اپنی تحریر پر دسترس حاصل ہونی چاہئے تاکہ آپ مفصل، پر مغز اور متعلقہ ای میل یا خط و کتابت بآسانی اور بمطابق کرسکیں۔ مزید برآں، آپ میں فیصلہ سازی کی بھی صلاحیت ہونی چاہئے تاکہ آپ قابل اور موزوں امیدوار کو کمپنی کیلئے چُن سکیں۔

کمپنی کی توقعات

کمپنی آپ کو صرف امیدواروں کا انتخاب کرنے کیلئے نہیں رکھتی، آپ خود ہوں یا کسی بھی عہدے پر فائز کوئی اور شخص، اس سے ایک سے زائد کام لیا جاتا ہے یعنی ملٹی ٹاسکنگ کروائی جاتی ہے۔ آپ سے درج ذیل یا ان میں سے چند فرائض نبھانے کی توقع کی جاسکتی ہے۔

٭ ملٹی ٹاسکنگ کرتے ہوئے فرائض کی انجام دہی کے دوران مفصّل توجہ (یہاں تک کہ جزئیات پر بھی ) قائم رکھنا۔

٭اعلیٰ سطح کی رازداری کو قائم رکھنا اور حساس معاملات کو خوش اسلوبی سے نبھانا۔

٭ کمپیوٹر خاص طورپر مائیکرو سوفٹ آفس کے استعمال میں آ پ کو عبور حاصل ہو۔

٭انتظامی صلاحیتوں میں آپ مالا مال ہوں۔ 

٭مضبوط تعلقات بڑھانے اورانہیں قائم رکھنے کی صلاحیت ہونی چاہئے۔

٭ کم سے کم سپرویژن میں روزانہ کے کام نمٹانے میں مہارت حاصل ہو۔

٭ امیدواروں، ملاقاتیوں اور فون کالز کے تمام ریکارڈ اور ان کی فائلز کو سنبھال کر رکھنے کی صلاحیت ہو۔

٭اپنی ذاتی سمجھ بوجھ اور فیصلہ سازی کی بنیاد پر ایسے کام شروع کرنے کی صلاحیت ہو، جس سے کمپنی کا امیج بہتر ہواور ان کاموں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہو۔ 

تازہ ترین