• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر پروگرام ،رقم بڑھانا نام بدلنا چاہتے ہیں، گورنر سندھ

کراچی(جنگ نیوز)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ ملک کو درپیش مسائل پچھلی حکومتوں سے ورثے میں ملے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہونا چاہئے، جب بھی پارلیمنٹ میں اکثریت ملی قانون میں ترمیم کر کے نام تبدیل کردیں گے،اتحادی سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی بی آئی ایس پی سے سندھ میں سیاسی فائدہ اٹھاتی ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنا نہیں بلکہ بڑھانا چاہتے ہیں، انصاف کارڈ پر تحریک انصاف کا جھنڈا نہیں ہونا چاہئے، وزیراعظم ستمبر میں کراچی کے سات منصوبوں کا افتتاح کریں گے، تین سال میں کراچی میں نئے منصوبے نظر آئیں گے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل بھی شریک تھے جبکہ منفرد کہانی اور حقیقت سے قریب پاکستانی فلم ”لال کبوتر“ کے مرکزی کردار احمد علی اکبر اور منشاء پاشا سے بھی گفتگو کی گئی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت 60فیصد فنڈز صوبوں کو چلے جاتے ہیں جس سے وفاقی بجٹ میں بہت مشکل ہوجاتی ہے، ٹیکس ریونیو بڑھانے کیلئے مزید ٹیکس لگانے کے بجائے ٹیکس ریٹ کم کر کے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، اٹھارہویں ترمیم میں تبدیلی نہیں کرنی چاہئے نہ ہی ایسا ہوگا۔منشاء پاشا نے کہا کہ لال کبوتر کا فیڈ بیک اور ریویوز بہت اچھے آرہے ہیں، لال کبوتر کرائم تھرلر اور الگ قسم کی فلم ہے، پاکستانی فلم انڈسٹری میں ابھی تک اس قسم کا کام نہیں ہوا ، فلم کے ڈائریکٹر کمال خان سب کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں، میوزک ڈائریکٹر نے فلم دیکھی تو ٹائٹل سونگ ”لال کبوتر“ رکھا اسی سے فلم کا نام ”لال کبوتر رکھا گیا۔منشاء پاشا نے کہا کہ پاکستان میں جتنی فلمیں ریلیز ہوں گی اتنا ہی سینما کلچر برقرار رہے گا، پاکستانی فلم انڈسٹری نے بہت کم عرصے میں بہت اچھی اچھی فلمیں بنانا شروع کردی ہیں، پاکستانی فلموں کے ساتھ دیگر ممالک کی فلمیں بھی ریلیز ہوں تو سینما کلچر برقرار رہے گا۔

تازہ ترین