اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہےکہ ٹیکس، مراعات و دیگراقدامات پر بجٹ کے بعد عملدرآمد ہوگا،انہوں نے یہ بات قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی وفد سے گفتگومیں کہی، وفد کے سربراہ شیخ فیصل نے کہا کہ10سے 15سال کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے وفد نے شیخ فیصل بن ثانی الثانی کی سربراہی میں وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیراعظم کے مشیر امورتجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ، وزیر خزانہ نےغیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے حالیہ اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا ، انہوں نے کہا کہ ٹیکس اور مراعات سے متعلق بہت سے اقدامات پر آئندہ بجٹ کے بعد عملدرآمد ہوگا، قطری وفد نے پاکستان میں زراعت ، انفرااسٹرکچر ، سیاحت ، توانائی سمیت مختلف شعبوں میںسرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔