• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود اور مائیک پومپیو کا ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی کے خاتمے کو ضروری قرار دیا۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو نیشنل ایکشن پلان (نیپ) کے تحت پاکستان کے اقدامات اور بھارتی پائلٹ کی حوالگی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاک امریکا باہمی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکا کا کردار قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا، پاک بھارت تصفیہ طلب امور پر مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لیے کردار ادا کرے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاک امریکا وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی طرف سے جاری سہولت کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران افغان امن عمل پر اب تک ہونے والی پیش رفت پرتبادلہ خیال کیا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ انٹرا افغان مذاکرات اس مفاہمتی عمل کا اہم جزو ہیں۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے امریکی اور پاکستانی قیادت کے مابین روابط کے فروغ پر بھی زور دیا۔

تازہ ترین