• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹورسٹ پاکستان آئیں، آزاد ویزا پالیسی کے تحت سیاح ملک کےکسی بھی حصے میں جاسکتے ہیں، شیریں مزاری

برسلز(حافظ اُنیب راشد/عظیم ڈار) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے برسلز میں پاکستان ٹورسٹ انفارمیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ مذکورہ سیاحتی مرکز معلومات سفارت خانہ پاکستان کے تعاون سے’’ ٹرائبز کو ورکنگ ایریا‘‘ کے ہنزہ سیکشن میں قائم کیا گیا ہے۔ تقریب میں ممبران یورپین و برسلز پارلیمنٹ، بلجیم سے دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو سر کرنے والے کوہ پیما Paul Hegge ، پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں کئی سال تک مسلسل جاکر فوٹوگرافی کرنے والے بیلجین فوٹو گرافر Benoit Sneessens , مقامی کونسلرز، پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور سفارت خانے کے تمام افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ اب پاکستان سیاحت کے لئے ایک کھلا ملک ہے۔ وزیر اعظم عمران خان بذات خود پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ پاکستان نے ایک آزاد ویزہ پالیسی اختیار کی ہے جہاں اب سیاحوں کو پاکستان کے کسی بھی حصے میں آنے جانے کیلئے حکومتی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس صرف پہاڑ ہی نہیں بلکہ اس کے جنوبی علاقوں میں صحرائے چولستان اور پھر دریائے سندھ کی وادی بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایک ایسی جنگ شروع کردی گئی تھی جوہماری نہیں تھی۔ اس جنگ میں پاکستان کے 70ہزار شہری مارے گئے۔ بڑا مالی نقصان بھی ہوا۔ انہوں نے دنیا کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئیں جہاں حکومت نے تمام رکاوٹیں ختم کردی ہیں۔ قبل ازیں بیلجین فوٹو گرافر بینوا سنیسن اور کوہ پیما پال ہیگ نے پاکستان سے متعلق اپنے اپنے تجربات بیان کئے۔ بینواسنیسن نے کہا کہ پاکستان سے آکر میں کلچرل شاک کا شکار ہو گیا کیو نکہ وہاں جگہ جگہ اتنی محبت ملی کہ بیان نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ چھ سات سال کی پاکستان میں مسلسل آمدورفت کے دوران میرے ساتھ کوئی ایک بھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا جسے برا کہا جا سکے ۔کوہ پیما پال ہیگ نے کہا کہ دنیا میں کوئی اور ایسا ملک نہیں جو کوہ پیمائی کے لحاظ سے اتنا خوبصورت ہو ۔ اس موقع پر دیگر سیاحوں کی جانب سے پاکستان کے سفر پر مشتمل دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں جنہیں حاظرین نے بے حد پسند کیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے اس سیاحتی معلوماتی مرکز کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پربلجیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لئے سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی، ممبر یورپی پارلیمنٹ ماریہ ارینہ، ممبر برسلز پارلیمنٹ حسن کونچو، برسلز سینٹر کے کونسلر محمد ناصر، کونسلر عامر، سابقہ کونسلر شازیہ منظور منی، نائب میئر برسلز اوریا گلی، کشمیر کونسل ای یو کے صدر علی رضا سید، کشمیری رہنما سردار صدیق بھی موجود تھے، تقریب میں نظامت کے فرائض پریس کونسلر سلطانہ رضوی نے انجام دیئے جبکہ ٹرائبز کی جانب سے Isabel palomo نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

تازہ ترین