• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ میں مذہب و تعصب کی بنیاد پر دہشتگردی کیخلاف قرار داد منظور

اقوام متحدہ میں مذہب اور تعصب کی بنیاد پر دہشت گردی کے خلاف قرار داد منظور کر لی گئی۔

قرارداد پاکستان کی حمایت سے ترکی نے نیوزی لینڈ حملوں اور اسلام دشمن رویوں کے تناظر میں پیش کی ، جس میں پاکستان نے قرار داد کے متن اور خدوخال وضع کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرار داد اسلام دشمن رویوں پر مبنی بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور تنگ نظری کی مخالفت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے اسلام دشمن رویے عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، ہمارے خطے میں بھی انتہا پسند گروہ مذہب کی بنیاد پر انتشار اور امن دشمنی کو فروغ دے رہے ہیں۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ مغرب میں پروان چڑھنے والی انتہا پسند نسل پرست سوچ عالمی بھائی چارے کی راہ میں رکاوٹ ہے، ہمیں دیواریں کھڑی کرنے کے بجائے امن پسندی کے پُل تعمیر کرنے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی مذہب، نسل اور رنگ کے لوگوں کو نفرت، انتہا پسندی اور استحصال کا نشانہ نہیں بننے دے سکتے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام، مذاہب اور تہذیبوں کو قریب لانے کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

تازہ ترین