کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام پر امید ہیں کہ پرو ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی عدم شرکت پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گی، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پچھلے دنوں اپنے اجلاس میں اس مسئلے کو اپنی انکوائری کمیٹی کے حوالے کردیا تھا جس نے پی ایچ ایف سے اس بارے میں وضاحت اور حقائق مانگے تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد کے مطابق انکوائری کمیٹی کو تمام حقائق بھیج دیے ہیں امید ہے کہ ہمارے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے جواب میں فیڈریشن کو درپیش مالی مسائل سے آگاہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں عالمی مقابلوں کے نہ ہونے کی وجہ سے فیڈریشن کو اسپانسر شپ میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔