وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل کہتے ہیں کہ نیب خودمختار ادارہ ہے جو اپنی کارروائی کر رہا ہے، حکومت ان تمام معاملات سے لا تعلق ہے۔
مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی رہائش گاہ پر نیب کے چھاپے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ نیب کرپشن کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب کی کارروائیوں اور اس چھاپے سے حکومت پنجاب کا کوئی تعلق نہیں ہے، بہت سارے لوگ پکڑے گئے ہیں، بہت سارے پکڑے جائیں گے۔
شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ ہو سکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہماری جماعت اور دیگر جماعتوں کے لوگ بھی پکڑے جائیں، مجھے نہیں لگتا کہ نیب وارنٹ کے بغیر ایسی کوئی کارروائی کرے گا۔