• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، شیریں مزاری

برسلز (حافظ انیب راشد) پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ان خیالات کا اظہار وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے چیئرمین کشمیرکونسل یورپ (ای یو) علی رضا سید سے برسلز میں ملاقات کے دوران کیا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر شیریں مزاری جو ان دنوں بلجیم کے دورے پر ہیں، نے برسلز میں اپنے قیام کے دوران اعلیٰ یورپی حکام اور اراکین یورپی پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اوران خیالات کا اظہار علی رضا سید نے ڈاکٹر مزاری کو یورپ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیرکونسل ای یو کی جانب سے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے وفاقی وزیر کو بتایاکہ کشمیرکونسل ای یو پورا سال مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے خاص طور پر مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اعلیٰ یورپی ایوانوں تک پہنچانے میں سرگرم رہتی ہے۔ کشمیرکونسل ای یو ہرسال یورپی پارلیمنٹ میں کشمیرای یو ویک مناتی ہے جس میں پورا ہفتہ کانفرنسس، سیمینارز اور دستکاری اور فوٹوگرافی کی نمائشیں منعقد کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر مواقع پر بھی کشمیر پر پروگرامز منعقد کئے جاتے ہیں اور کشمیریوں کی حمایت میں ایک ملین دستخطی مہم بھی یورپ میں گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے۔انھوں نے مزید بتایاکہ کشمیرکونسل ای یو کی کوششیں گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہیں اور ان کوششوں کا مقصد یورپی باشندوں میں مسئلہ کشمیر پر آگاہی میں اضافہ کرنا اور خاص طور پر پارلیمنٹ، کونسل اور کمیشن سمیت یورپی قانون ساز اور پالیسی ساز اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرنا ہے۔کشمیرکونسل یورپ (ای یو ) کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ یورپی یونین بھارت کی نام نہاد جمہوریت کے جھانسے میں نہ آئے بلکہ اپنا اثر رسوخ استعمال کرکے نئی دہلی کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے۔ بھارت کے حکام مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے دنیاکی توجہ ہٹاناچاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ خاص طورپر نریندرمودی کی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں ظالمانہ پالیسیاں اختیارکی ہوئی ہے۔ یہ انتہاپسندحکومت مقبوضہ وادی کی موجودہ صورتحال کی براہ راست ذمہ دارہے۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کشمیرکونسل ای یو کی کوششوں کو سراہا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت تشویش ہے۔
تازہ ترین