• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کو خوبصورتی نکھارنے جبکہ مردوں کو گرومنگ کی ضرورت ہوتی ہے۔ جاب انٹرویو، بزنس میٹنگ یا پھر کسی خاص موقع پر آپ کا پہلا تاثر ہی دوسروں پر دھاک بٹھا سکتا ہے۔پرِنسٹن ریسرچرز کی ایک تحقیق کے مطابق لوگ ایک سیکنڈ کے دسویں حصے میں آپ کے قابلِ اعتبار ہونے یا نہ ہونے کا اندازہ لگا لیتے ہیں۔ سامنے والے پر آپ کا پہلا تاثر اس وقت ہی بااثر ثابت ہوسکتا ہے، جب آپ زبردست شخصیت کے مالک ہوں۔ اس کیلئے جن چند باتوں کی ضرورت ہوتی ہے وہ درج ذیل ہیں۔

بالوں کی باقاعدگی سےکٹنگ

الجھے ،بکھرے اور بڑھے ہوئے بال کسی بھی انسان کی شخصیت کو گہنادینے کا سبب بن سکتے ہیں ۔اکثر مرد حضرات حجام یا سلون جانے کے لیے بالوں کے زیادہ بڑھنے کا انتظا رکرتے ہیں، جو کہ غلط ہے۔ اگر آپ کو حجام کے پاس گئے 4 ہفتوں سے زیادہ وقت گزرگیا ہے تو فوراً ہی کسی سلون کا رُخ کریں۔ انسان کے بالوں کی کٹنگ اور اسٹائلنگ اس کی شخصیت کی پہچان ہوتی ہے۔ہیئر اسٹائل آپ کو محفل میں قابلِ ستائش بھی بناسکتا ہے اور مضحکہ خیز بھی، اسی لئے ضروری ہے کہ آپ بہترین ’ہیئرکٹ‘ بنوائیں۔

گرومنگ بیئرڈ

مختلف سروے رپورٹس اس بات کی تائید کرتی ہیں کہ داڑھی والے مرد زیادہ پُرکشش ہوتے ہیں ۔داڑھی والے مردوں کے لیے ’کول‘کا لفظ استعمال کیا جاتا ہےلیکن اگر یہی داڑھی نامناسب انداز میں بنی اور الجھی الجھی ہو توآپ کی ’کول نیس‘ ختم ہوجاتی ہے۔ داڑھی کے لیے معیاری شیمپو اور ایک اچھے کنڈیشنر کے علاوہ بیئر ڈ آئل کابھی استعمال کیجیے۔ یہ آئل آپ کے داڑھی کے بالوں کونرم وملائم رکھنے اور اسے بنانے میں بے حد کام آئے گا۔ داڑھی کی صفائی ہی نہیں بلکہ اس کی کٹنگ، ٹریمنگ اور کنگھا کرنے کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیے۔

جِلد کی دیکھ بھال

جِلد کی دیکھ بھال عورتوں ہی نہیں مردوں کے لے بھی بے حد ضروری ہے کیونکہ مرد حضرات خواتین کے مقابلے میں زیادہ وقت باہر گزارتے ہیں۔ انھیں روزانہ دھوپ اور آلودگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسی لیے انھیں خواتین سے زیادہ جِلد کی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے ۔

کلینزنگ اور موئسچرائزنگ :مردوں کو چاہیے کہ ہر دوسرے دن نہیں تو کم از کم ہفتے میں ایک بار لازمی کلینزنگ کریں۔ اس کے علاوہ موئسچرائزنگ کا بھی روزانہ کی بنیادوں پر خیال رکھیں کیونکہ یہ جِلد کے پھٹنے،خشک ہونے اور رنگت کو متاثر ہونے سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ایکسفولی ایشن :مرد حضرات بھی ایکسفولی ایشن یا اسکربنگ کو اپنی ہفتہ وار اسکن کیئر کاضروری حصہ بنائیں تاکہ مستقبل میں جِلد سے متعلق کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ہفتے میں ایک بار اس کا استعمال ضرور کرنا چاہیے، یہ آپ کی مرجھائی ہوئی جِلد کو ٹھیک کرنے اور اسے ہموار کرنے کے لئے بھی ضروری ہوتا ہے۔ سیاہ حلقوں سے بچنے کے لیے آئی کریم کا استعمال کریں۔ ہاتھوں اور پاؤں پر باقاعدگی سے ہینڈ کریم استعمال کریں۔

خاص خوشبو کا انتخاب

دن اور رات میں 8سے 10منفرد پرفیوم استعمال کرنے کے بجائے اپنے لیے کسی بہترین اور معیاری پرفیوم کا انتخاب کریں۔ یہ منفردخوشبوکسی بھی شخص پر آپ کی موجودگی کا اچھا تاثر قائم کرتی ہے۔یہی خوشبو کتنی ہی جگہوں پر آپ کی پہچان بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

ڈریسنگ سینس

لازمی نہیں کہ برانڈڈ، مہنگی اورفینسی ڈریسنگ ہی کی جائے۔ برانڈڈ لباس پہننے سے زیادہ عمدگی اور نفاست آپ کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔صاف ستھرا استری شدہ لباس بھی آپ کی شخصیت کو چار چاند لگا سکتا ہے۔کپڑے ہمیشہ اپنے سائز کے پہنیں، اس کے علاوہ مرد حضرات پینٹ کی لمبائی کا خیال نہیں رکھتے اور یہی چیز ان کی شخصیت پر اثر انداز ہوتی ہے۔

٭بیلٹ اور جوتےایک ہی رنگ کے ہونے چاہئیں۔ اگر بیلٹ اور جوتے کا رنگ ایک جیسا نہیں ہے تو کوشش کیجیے کہ کوئی ایک چیز بدل کر پہنیں۔

٭پینٹ اور آپ کی جرابیں کنٹراسٹ میں ہونی چاہئیں مثلاً، سرمئی پینٹ کے ساتھ نیلی یا کالی جرابیں۔

٭ٹائی پہننا ہو یا نہ پہننا ہو، قمیض ہمیشہ اس سائز کی لیجیے کہ کالر کا بٹن بآسانی بند ہوجائے۔

جوتے

جوتوں کا انتخاب اور اس کی صفائی انسان کی نفاست کی سب سے بڑی دلیل ہوتی ہے۔ دانشور لوگ انسان کی شخصیت کا اندازہ اس کے جوتوں سے ہی لگاتے ہیں۔ اس لیے ان کا انتخاب قدرے محتاط ہوکر کریں۔ جوتوں کا انتخاب کرتے وقت اپنی ڈریسنگ کے ساتھ موقع اور تقریب کا بھی خیال رکھیں۔

تازہ ترین