قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے گھر آج دوبارہ چھاپہ مارے جانے کے خلاف وہاں آنے والے مسلم لیگ نون کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہو ئی ہے، پولیس نے لیگی کارکنوں پر لاٹھی چارج بھی کیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی ٹیم کی جانب سے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے گھر آج دوبارہ چھاپہ مارا گیا ہے۔
چھاپے کے دوران نیب کی ٹیم کے ہمراہ آئے ہوئے پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے میاں شہباز شریف کے گھر کو مکمل محاصرے میں لے لیا ہے، اطراف کی گلیوں میں بھی رینجرز اور پولیس اہلکار موجود ہیں جو لیگی کارکنوں کو وہاں نہیں آنے دے رہے۔
پولیس کے شہباز شریف کی رہائش گاہ کے راستے روک لینے کے باوجود اطراف کی گلیوں میں مسلم لیگ نون کے کارکن بڑی تعداد میں جمع ہو گئے ہیں جو اپنے رہنماؤں بالخصوص حمزہ شہباز کے حق میں اور نیب کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔
ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی ہے جو شہباز شریف کی رہائشگاہ جانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس دوران پولیس اور نون لیگی کارکنوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم آج مکمل تیاری کے ساتھ آئی ہے، اس کے ہمراہ حمزہ شہباز کی گرفتاری کا وارنٹ بھی ہے، نیب حکام کا کہنا ہے کہ نیب کی ٹیم کے پاس ٹھوس شواہد ہیں اور آج وہ حمزہ شہباز کو لازمی گرفتار کریں گے۔
یہ لاہور میں نیب کی ٹیم کا شہبازشریف کے گھر کا 24 گھنٹے کے دوران دوسری بار چھاپہ ہے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے شہباز شریف کی رہائش گاہ ایچ 96 کا محاصرہ کر لیا ہے، سیڑھی بھی پہنچا دی گئی ہے، پولیس اور رینجرز کے ساتھ خواتین اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔
مسلم لیگ نون پنجاب کے ترجمان ملک احمد خان کا کہنا ہےکہ نیب کی ٹیم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر دوبارہ آئی ہے۔
واضح رہے کہ نیب کی ٹیم نے گزشتہ روز بھی شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا تاہم وہ کسی کو گرفتار نہیں کر سکی تھی۔
نیب کی جانب سے حمزہ شہباز کے گارڈز کے خلاف نیب کے عملے پر تشدد کا مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا۔
آج نیب کی ٹیم تیاریوں کے ساتھ دوبارہ شہباز شریف کے گھر پہنچی ہے، اس کے ہمراہ پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں جن میں خواتین اہلکار بھی کافی تعداد میں شامل ہیں۔
نیب کی ٹیم اور پولیس اہلکاروں نے میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ وہاں مسلم لیگ نون کے کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔