اسلام آباد (حنیف خالد) چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہا ہے کہ ملکی عدالتی تاریخ میں ایک خاموش انقلاب آ رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے لاہور ہائیکورٹ‘ سندھ‘ بلوچستان‘ پشاور‘ اسلام آباد کی ہائیکورٹوں کے چیف جسٹس صاحبان اور تمام جج صاحبان کے نام بھجوائے گئے اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔ یہ پیغام سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ملک کے 116اضلاع میں پچھلے ہفتے قائم کی گئی قتل اور منشیات کے مقدمات کے فوری فیصلوں کیلئے قائم کی گئی خصوصی ماڈل کورٹس کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ناصر کے ذریعے بھیجاہے جو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مختلف اضلاع میں رہے ہیں۔ سہیل ناصر کے ذریعے بھیجے جانے والے پیغام میں چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے مزید کہا کہ پاکستان بھر کی ہائی کورٹوں کے تمام جج صاحبان خاموش عدالتی انقلاب کے ہیرو ہیں‘ اُنہیں ملک بھر کی ہائیکورٹوں کے تمام فاضل جج صاحبان پر فخر ہے۔