وزیراعظم نے سانحہ ساہیوال کے 3ماہ بعد لواحقین کا مطالبہ تسلیم تے ہوئےسانحہ کی تحقیقات کے لیئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دےد یاہے ۔
عمران خان نے سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے ملاقات کی، جہاں ورثاء نے وزیر اعظم سے شکوہ کیا کہ ان کے مطالبات حکومت نے ابھی تک نہیں سنے۔
ملاقات کے موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کے مطالبہ کو تسلیم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کا ہر مطالبہ پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سےان میں چیک بھی تقسیم کیے۔
عمران خان نے کہا کہ انسانی جان کے زیاں کا کسی صورت ازالہ نہیں کیا جاسکتا، حکومت متاثرین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔
واضح رہے کہ 19 جنوری کی سہہ پہر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک مشکوک مقابلے کے دوران گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں ایک عام شہری خلیل، اس کی اہلیہ اور 13 سالہ بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور تین بچے زخمی ہوئے تھے۔