لاہور ( نمائندہ جنگ، صباح نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف لندن پہنچ گئے جہا ں انہوں نے ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا شریف خاندان کیخلاف انتقامی کارروائی ان کی بھول ہے۔ دوسری جانب حمزہ شہباز بدھ کو نیب لاہور میں پیش نہیں ہوسکے،نیب نے انہیں رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کرپشن کیس میں طلب کیا تھا،ادھر لاہورہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز اور صاف پانی اسکینڈلز میں عبوری ضمانتیں 17 اپریل تک منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روکدیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز گزشتہ روز نیب لاہور میں پیش نہیں ہوسکے ۔ نیب لاہور نے انہیں رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کرپشن کیس میں طلب کیا تھا، نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم نے انہیں 12اپریل صبح 11بجے پھر طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔