• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فیشن ویک میں جب ہانیہ عامر اپنے ملکوتی حسن کے ساتھ جلوہ افروز ہوئیں تو ان کے پیچھے عاصم اظہر بھی اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے ریمپ پر آن موجود ہوئے۔ دونوںکی جوڑی نے پرستان کا سماں باندھ دیا اور ہر دل اس جوڑی کو نظر بد سے بچنے کی دعائیں دینے لگا۔

دل تو پہلے بھی دھڑکتے تھے لیکن اب دلوں کی دھڑکن سوشل میڈیا پرسنائی دینے لگتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کسی کی پسند کا معاملہ ہو یا پھر محبت کا، سوشل میڈیا کی موجودگی میں اب کچھ بھی چُھپنا گویا ناممکن لگتا ہے۔ آپ لاکھ کہیں کہ ہمارے درمیان احترام اور دوستی کا رشتہ ہے ، پر ادائیں تو کچھ اور ہی باور کرواتی ہیں۔

افواہوں نے جب زور پکڑا تو میڈیا نے سیدھے سادے طریقے سے عاصم اظہر ہی سے اس بارے میں ’’ کچھ ‘‘ جاننے کی جسارت کی، ہانیہ کا نام سنتے ہی عاصم اظہر کا چہر ہ گلابی ہو گیا، آنکھیں چمک اُٹھیںاور دل دھڑکتے ہوئے سینے سے باہر نکلنے کی کوشش میں لگا رہا۔ عاصم اظہر گویا ہوئے، ’’میں خو د کو اس پوزیشن میں نہیں سمجھتا کہ اس بارےمیں کوئی جواب دوں، بس مجھے لگتاہے کہ وہ (ہانیہ ) ایک ایسی شخصیت ہیںجو میری زندگی میں بہت مثبت چیزیں لائی ہیں۔ وہ جب میرے ساتھ ہوتی ہیں تو زندگی اچھی معلوم ہوتی ہے۔ ہم ہمیشہ ہنستے ہیں اور یہ بھی بہت اچھا لگتاہے کہ کوئی ایسا انسان آپ کے ساتھ ہو، جو ہر کام میں آپ کی حوصلہ افزائی کرے۔ میںہانیہ کی بہت عزت کرتا ہوں اور ان سے دوستی کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا‘‘۔

اسٹارڈ م کے مزے لوٹنےوالے عاصم اظہر کیلئے لاکھوں دل دھڑکتے ہیں ، لیکن عاصم کا دل صرف ہانیہ کیلئے دھڑکتاہے اور اس بات کا اظہار وہ اپنے انٹرویو میں برملا کرچکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی دونوں کی بے پناہ تصاویر کے بارے میں گلوکار کا کہنا تھاکہ انہیں ایسا کرنے سے سکون ملتاہے اور انہیں کوئی کام سکون دے تو وہ ہمیشہ اسی کا انتخاب کریں گے۔ ہانیہ ہاںکہیں یا نہ، وہ ان کی ہی رضامندی چاہتے ہیں ۔ کوئی دوسرا کچھ بھی کہے انہیں ا س کی پروا نہیں۔

نوجوان گلوکار عاصم اظہر کا گانا ’’ جو تو نہ ملا‘‘ نہ صرف بہت ہٹ ہوا بلکہ اس کی ویڈیو بھی کافی مقبول ہوئی، جسے اب تک70لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ اس میوزیکل ویڈیو میں عاصم کے ساتھ اقرا عزیز جلوہ گر ہوئی ہیں۔ عاصم اظہر کے دیگر مقبول گیتوں میں ’’ تیرا وہ پیار، ماہی آجا، رنگ لاگا، بالو ماہی، پگلی، سپنے، ہمارا پاکستان، دل بنجارہ، کیا تونے کبھی سوچا، ہے نیا نیا یہ جہان، حنا کی خوشبو ‘‘ شامل ہیں۔

عاصم اظہر گلوکاری کی دنیا میں خوشگوار ہوا کا جھونکا بن کر سامنے آئے ہیں۔ انھیں پاکستانی جسٹن بیبر بھی کہا گیا لیکن جلد ہی وہ اس حصار سے باہر نکل آئےاور خود کو عاصم اظہر کے طور پر منوایا۔ گلوکارہ مومنہ مستحسن کےساتھ ان کے ڈوئٹ ’’ تیرا وہ پیار ‘‘ نے 100ملین سے زائد ویوز حاصل کیے، جو اس ریکارڈ کےحوالے سے چوتھے پاکستانی گلوکار ہیں۔

دوسری جانب ہانیہ عامر نے 2016ء میں ایک فلم ' کے ذریعے اداکاری کا آغاز کیا۔ ان کی فلم تو نہ چل سکی مگر وہ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کی بنا پر پاکستانی شو بزنس انڈسٹری میں توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔ قسمت شاید ہانیہ پر مہربان تھی ، اس لئے ان کے جنون کو پرواز ملی اور وہ مصروف اداکاراؤں میں شامل ہوگئیں۔

ہانیہ نے اپنی دوسری فلم میں بھی شاندار اداکاری کر کے فلم بینوں کو محظوظ کیا جبکہ تیسری فلم میں مرکزی کردار کرکے جلوے بکھیرے۔ فلموں کے علاوہ ہانیہ نے ٹی وی کمرشل اور ڈراموں کے ذریے بھی لوگوں کے دل جیتے۔ کم عمری میں ہی انھیں اہم فلموں اور ڈراموں میں کاسٹ کیا جانا اس بات کا غمازہے کہ اگر ہانیہ نے اپنی صلاحیتوں کے ساتھ انصاف کیا تو وہ پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے لیے ایک اثاثہ ثابت ہوسکتی ہیں۔ ہانیہ اداکارہ بننا نہیں چاہتی تھیں، وہ حادثاتی طور پر شوبز کی چمکتی دمکتی دنیا میں داخل ہوگئیں۔ دوران تعلیم ہانیہ اس شش و پنج میں مبتلا تھیں کہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کریں یا بزنس کی۔ اسی دوران انہیں فلم میں کام کرنے کا موقع ملا اور ڈائریکٹر نے انھیں فوراً کاسٹ کرلیا۔

ہانیہ کو ٹی وی کمرشل میں ماڈلنگ کرنا اچھا لگتا ہے۔ ا نہوں نے چند فیشن شوز میں کیٹ واک بھی کی، لیکن اب ان کی توجہ صرف اداکاری پر مرکوز ہے۔ وہ دو مہینے سے آگے کی منصوبہ بندی نہیں کرتیں۔ ہانیہ سوشل میڈیا پر بہت فعال رہتی ہیں، اگر کوئی غلط بات کرے تو اسے فوراً بلاک کردیتی ہیں۔شوبز میں آنے سے پہلے ہانیہ انٹرنیٹ پر بہت مشہور رہی ہیں، وہ مختلف ویڈیوز بناکر پوسٹ کرتی تھیں اور سب اچھا رسپانس دیتےتھے لیکن اب اداکاری کی وجہ سے انھیں انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے بہت کم وقت ملتاہے۔

تازہ ترین