پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نیازی صاحب کی حالت قابل ترس ہے، کیونکہ وہ شریف خاندان کے بغض میں جل رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ ہر جگہ تاجر، مزدور، عوام پریشان ہیں، مہنگائی نے عوام کو ذہنی مریض بنادیا ہے، ملک کی موجودہ صورت حال پر تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنی نااہلی ،کھلنڈرے پن سے توجہ ہٹانے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، خان صاحب، مانگے تانگے کی حکومت جو ملی ہے ایسا نہ ہو کہ اس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے، پہلے بھی کہتا تھا نیازی صاحب آپ کو مانگے تانگے کی حکومت مل گئی تو تو خیال رکھیے گا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی کسی اسپتال میں جاکر کسی غریب سے پوچھیں دوا مہنگی ہوگئی ہے غریب کہاں جائیں؟ ان کے اپنے لوگ اب کہتے ہیں کہ معیشت کا بیڑا غرق ہوگیا ہے۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب کو اتنے دن بعد ساہیوال کے متاثرین کا خیال آیا،کیا 3 کروڑ روپے کا چیک دینے سے کسی کی ماں، باپ، بہن یا بیٹی واپس آجائے گی؟ میں نے متاثرین کے گھر میں کہا تھا سانحہ ساہیوال پر جودیشل کمیشن بننا چاہیے۔