اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ قوم کا پیسہ لوٹنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔ قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرنیوالوں سے چوری کا مال نکلوانے کا عمل جاری ہے، وزارت مواصلات کو بڑی کامیابی مل گئی ہے، سپیشل آڈٹ کے نتیجے میں پکڑے جانیوالے 353ملین روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرا دیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قلات۔ کوئٹہ۔چمن روڈ کی تعمیر میں کرپشن کرنے والوں کو پکڑا جاچکا ہے، گوادر۔ رتو ڈیرو روڈ کی تعمیر کے دوران ڈاکہ ڈالنے والوں پر بھی ہاتھ ڈال چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت سنبھالنے سے لیکر اب تک چوری شدہ 445 کروڑ قومی خزانے میں واپس جمع کروا چکے ہیں۔