کراچی (اسٹاف رپورٹر) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کوئٹہ میں بم دھماکے ،حالیہ دنوں شہرِقائد میں شروع ہونے والی جبری گمشدگی کے خلاف اور اسیرانِ ملتِ جعفریہ کی رہائی کے لیے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔احتجاجی ریلی میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی،سابق مرکزی صدر ناصر شیزازی،علامہ احمد اقبال رضوی،ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کےڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مبشر حسن سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئےمقررین نے کوئٹہ دھماکہ میں16محب وطن پاکستانیوں کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں جاری شیعہ ہزارہ قبیلہ کی ٹارگٹ کلنگ غفلت اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ دن دیہاڑے حکومتی اہلکاروں کی موجودگی میں شیعہ شناخت پر ٹارگٹ کیا جانا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے کالعدم اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف حکومت کاروائی کی بجائے مذاکرات کئے جاتے ہیں ۔کالعدم تنظیموں کے سہولت کاروں کو قومی دھارے میں لانے کی پالیسی پر تحفظات ہیں ۔