راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے راہنما سابق رُکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان نے وفاقی وزیر شیخ رشید کے دس سال سے زیر تعمیر گرلز ڈگری کالج ریلوے روڈ صدر کے دوبارہ افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی موجودگی میں لال حویلی کو یونیورسٹی بنانے کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف کی ملکیت لال حویلی کالاکھوں روپے کرایہ وزیر موصوف کے ذمہ بقایا ہے ۔ لال حویلی کوگزشتہ بیس سال سے ہر دور میں مختلف اداروں کو دینے کے جھوٹے اعلان کرنے کی بجائے شیخ رشید فتح جنگ میں خریدا ہوا ہزاروں کنال رقبہ پریونیورسٹی بنانے کا اعلان کریں۔ باشعور شہری اس بات کے گواہ ہیں کہ راولپنڈی کو خوبصورت شہر میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کے دور حکومت میں بنایا گیا ۔مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریزہونے کوہے جس دن صبر کا یہ بند ٹوٹ گیا اُس دن عوامی ریلا قائم پی ٹی آئی حکومت کو بہا لے جائے گا۔