بریڈ فورڈ (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے مذہبی امور کے صدر علامہ قاری محمد عباس اور پاکستان پیپلز پارٹی بریڈ فورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہمیں دہشت گردی کی ہم پُر زور شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ دہشت گردوں کا حملہ در حقیقت موجودہ حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حکومتی ادارے اور پولیس اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بُری طرح ناکام ہوچکے ہیں موجودہ حکومت کے پاس عوام کی خدمت کیلئے کوئی ٹائم فریم نہیں ہے اور نہ ہی امن وامان اس حکومت کے منشور اور ایجنڈے میں شامل ہے کیونکہ وہ تو صرف اور صرف اپوزیشن اور مخالفین کو فتح کرنے ان پر نئے نئے کیس بنانے میں مصروف عمل ہے بلوچستان میں خصوصی طور پر عوام کے تحفظ اور امن کی صورت حال انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی سبزی منڈی میں ہونے والے بم دھماکے میں تقریباً20 افراد کا ہلاک اور 48 سے زائد افراد کا زخمی ہوجانا قیامت صغرٰی کا منظر پیش کرتا ہے حکومت کے کارندوں کی طرف سے ہمیشہ کی طرح روایتی الفاظ اور طفل تسلیاں افسوس ناک ہیں ہلاک ہونے والوں میں اکثریت کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی باشندوں کی مال جان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے وہاں کے باشندوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت ہزارہ قبیلے کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن کرے اور اس حملے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ہم سمجھتے ہیں کہ اس حملے میں ہدف کسی مخصوص کمیونٹی کے لوگ نہیں تھے۔مختلف کمیونٹی کے افراد نشانہ بنے، تاہم سب سے زیادہ نقصان ہزارہ برادری کا ہوا۔صوبائی وزیر داخلہ روایتی بیان بازی اور حکومتی کامیابیوں کے دعوؤں کی بجائے اپنے گھر سے نکل کر ان مقتولین اور شُہداء کے گھروں میں جا کر اُن غمزدہ اور بے بس لوگوں کی آہ و بکاو گریہ زاری تو سنیں جن پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے ۔ انھوں نے شہداء کوئٹہ کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل دعا کی۔