مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے نیب نے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔
حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز چنیوٹ کے لیے سرکاری فنڈز سے نالے کی تعمیر کے کیس میں تحقیقات کے لیے نیب لاہور میں پیش ہوئے۔
اس دوران نیب آفس کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے،اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی۔
ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز تقریباً ایک گھنٹہ پیشی کے بعد میڈیا سے بات کئے بغیر گھر کےلئے روانہ ہوگئے۔
نیب حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے، صاف پانی کیس اور رمضان شوگر ملز سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے اور مذکورہ کیسز میں حمزہ شہباز متعدد بار نیب کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری بھی کرا رکھی ہے۔
اس سے قبل نیب نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے 2 مرتبہ ان کی رہائشگاہ پر چھاپے مارے لیکن اسے کامیابی نہ مل سکی۔