اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جعلی اکائونٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور دوسری مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے، احتساب عدالت کےجج محمد ارشد ملک نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف جعلی اکائونٹس کیس میں غیر حاضری پر2ملزمان کے قابل ضمانت جبکہ ایک ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 2ملزمان شہزاد علی زین ملک کی طرف سے ہر سماعت پر پیش ہونے کی یقین دہانی پر مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی، عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے بتایا کہ جو ملزمان جیل میں ہیں انکو یاد دہانی کبلئے خط لکھا گیا۔ فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ جو ملزمان جیل میں ہیں وہ کسی اور کیس میں تو جیل میں نہیں۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ٹوٹل 5 ملزمان جیل میں ہیں جن میں سے 4 ملزمان ملیر جیل میں ہیں ، سات ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں ، شریک ملزمان نورین سلطان اور کرن آفتاب نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دی ہے جس پر کارروائی جاری ہے۔