لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے نیب کی جانب سے اپنے گھر پر چھاپہ مارنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، حمزہ شہباز نے اپنے وکلا کے ذریعے نشاندہی کی کہ عدالتی احکامات کے باوجود انہیں ہراساں کرنے کیلئے ان کے گھر چھاپہ مارا گیا اور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی کوشش کی گئی،درخواست میں حمزہ شہباز نے الزام لگایا کہ نیب نے نے گھر پر موجود خواتین کو ہراساں کیا جس کی قانون اجازت نہیں دیتا لہذا ڈی جی نیب شہزاد سلیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری اصغر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔