• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوپی ڈبلیو سی کے وفد کی لندن میں چوہدری شجاعت سے ملاقات

لندن (پ ر) اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل برطانیہ کے وفد نے چیئرمین نعیم نقشبندی کی قیادت میں لندن میں سابق وزیراعظم پاکستان چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی۔ وفد میں کو آرڈینیٹر پروفیشنل فورم یو کے امجد تارڑ اور صدر نارتھ آف انگلینڈ ہارون نذیر اور میاں شاہجہان شامل تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ق برطانیہ چوہدری احسن گھرال، گل زمان، چوہدری عبدالرحمٰن اور فہیم شاہ بھی موجود تھے۔ او پی ڈبلیو سی وفد نے سابق وزیر اعظم پاکستان اور مرکزی صدر مسلم لیگ (ق ) کی لندن میں عیادت کی اور انھیں گلدستے پیش کئے۔ چوہدری شجاعت حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو بھی مزید متحرک کیا جارہا ہے تاکہ تارکین وطن کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ سمندر پار پاکستانیز اپنے دیس میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر سکیں۔ چیئرمین او پی ڈبلیو سی نعیم عباسی نقشبندی نے سابق وزیر اعظم کے دور حکومت میں تارکین وطن کی فوتگی کی صورت میں میت کو فری پاکستان بھجوانے کی تخلیقی کاوش پر انھیں خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ آج ڈیڑھ دہائی گزرنے کے باوجود بھی تارکین وطن اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ وفد نے سابق وزیر اعظم کی صحت یابی کیلئے دُعا کی۔ صدر ق لیگ برطانیہ چوہدری احسن گھرال کا کہناتھا کہ ق لیگ کی برطانیہ بھر میں تنظیم سازی کا عمل جاری ہے، تعلیم یافتہ اور باکردار افراد کو نمائندگی دی جائیگی اور بہت جلد چوہدری شجاعت کے اعزاز میں ایک استقبالیہ بھی دیا جائے گا جہاں کمیونٹی رہنمائؤں سمیت شریک ہو گی۔
تازہ ترین