کراچی (جنگ نیوز) وزیر داخلہ چوہدر ی نثار نے اپنی وضاحت میں مزید کہا ہے کہ وہ تحریر جو مجھ سے منسوب کی جارہی ہے وہ واقعی میں نے لکھی تھی ،یہ وزیر اعظم ہائوس میں ہونے والے آل پارٹیز کانفرنس کے اجلاس کے بعد لکھا گیا تھا ۔اس وقت ایسا لگ رہا تھا جیسے پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی دونوں آئینی ترمیم کی حمایت کرنے سے انکار کر رہی تھیں اور ایک سیاسی تنازع پیدا ہوگیا تھا۔زرداری نے یہ ڈیڈلاک توڑا اور اپنی پوری پارٹی کو اوور رول کرتے ہوئے اپنا سارا وزن ترمیم کے حق میں ڈال دیا تھا۔ یہ کوئی رازکی بات نہیں کہ میں نے اپنے ہاتھ سے لکھ کر ایک نوٹ انہیں بھیجا تھا جس میں میں نے اپنی پوری زندگی میں پہلی مرتبہ آصف زرداری کی تعریف کی ۔اس نوٹ کو زرداری کی فوج مخالف تقریر سےمنسوب کرنا نہ صرف صاف بددیانتی اور جھوٹ کا پلندہ ہے بلکہ پورا پاکستان یہ بھی جانتا ہے کہ فوج مخالف تقریر کے بعد زرداری پر سب سے پہلے کھلے عام تنقید کرنے والا میں تھا ۔