علم نجوم میں دائرۃ البروج کے 30 سے59درجات پر مشمل حصہ، برج ثور (Taurus)کہلاتا ہے۔ فطری ترتیب کے لحاظ سے یہ دوسرا برج ہے۔ شمس 20اپریل سے 20مئی تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔ برج حمل کا حاکم سیارہ زہرہ(Venus)ہے، اس کی خوبی ثابت(Fixed) ہے، علامتی نشان بیل(Bull)، عنصر یا مادہ خاکی، جنس مؤنث، خوش بختی کا دن جمعہ، رنگ گلابی، خوش بخت بروج سنبلہ اور سرطان، پتھر زمرد، خوش بختی کا عدد6 جبکہ تعمیرات، تدریس، قانون، فنون لطیفہ، زراعت،تعلقات عامہ، میڈیسن اور اداکاری جیسے پیشے موافق رہتے ہیں۔
شخصیت کا جائزہ
برج ثور کے تحت پیدا ہونے والے افراد ذہین، محنتی، مستقل مزاج، پُرکشش ، محفلیں سجانے والے، جسمانی کشش کے حامل، متوجہ کرنے کی صلاحیتوں سے مالا مال، اعتماد کے قابل اور حسن ومحبت کے دلدادہ ہوتے ہیں۔ تاہم، برج ثور کے حامل افراد غصے کے بہت تیز ہوتے ہیں۔ وہ فطری طور پر مضبوط اور عملی ہوتے ہیںکیونکہ زندگی کے بارے میں ان کا رویہ بالکل واضح ہوتا ہے۔ وہ ظاہری آنکھوں سے دیکھی گئی چیزوں سے متاثر ہوتے ہیں اور محبت و خوبصورتی میں گھرا رہنا پسند کرتے ہیں۔ اگر کسی کام کو شروع کرنے کا ارادہ کرلیں تو اسے پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہیں۔وہ فنکارانہ کاموں میں بےپناہ دلچسپی لیتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں و خوبیوں کا بہترین استعمال کرتے ہیں۔
شوبز کی چند معروف ثور شخصیات
ملکی اور غیرملکی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات برج ثور سے تعلق رکھتی ہیں، جن میں سے چند کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔
بشریٰ انصاری
ٹی وی کی مشہور و معروف اداکارہ ، میزبان اور پروڈیوسر بشریٰ انصاری 15مئی 1954ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ بشریٰ انصاری کو اداکاری کے ساتھ موسیقی سے بھی لگاؤ تھا، جس کی انھوں نے باقاعدہ تربیت حاصل کی۔ بشریٰ انصاری نے متعدد ڈرامہ سیریلز اور اسٹیج پروگراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں آنگن ٹیڑھا، شو ٹائم، ففٹی ففٹی، ایمرجنسی وارڈ اور برنچ وِد بشریٰ سر فہرست ہیں۔ انھوں نے نہ صرف مزاحیہ اداکاری کی بلکہ سنجیدہ اداکاری میں بھی اپنا لوہا منوایا۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں 14اگست 1989ء کو انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، اس کے علاوہ بھی انھوں نے لاتعداد اعزازات اور ایوارڈز اپنے نام کیے۔ چند روز قبل انھوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن و محبت کا پیغام لیے’ہمسائے ما جائے‘ گانا ریلیز کیا، جسے سوشل میڈیا پرخوب پذیرائی ملی۔
شان شاہد
27اپریل1971ء کو لاہور میں پیدا ہونے والےشان شاہد پاکستان فلم انڈسٹری کی حالیہ تاریخ کا ایک بڑا نام ہیں۔ وہ ماضی کی مشہور اداکارہ نیلو کے بیٹے ہیں۔ شان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز بچپن میں چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے کیا۔ تاہم، فلم بلندی نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔ان کی دیگر مشہور فلموں میں گھونگھٹ اور خدا کے لیے قابل ذکر ہیں۔ مار دھاڑ والی پنجابی فلمیں کرنے پر انھیں موجودہ دور کا سلطان راہی بھی کہا جاتا ہے۔2007ء میں حکومت پاکستان کی جانب سے انھیں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا، اس کے علاوہ انھوں نے کئی دیگر ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔
ثناء فخر
پاکستان فلم انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ اور ماڈل ثناء نے 1997ء میں فلم ’سنگم‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ 26اپریل 1972ء کو ملتان میں پیدا ہونے والی اداکارہ کا فلمی نام ثناء ہے جبکہ اداکار فخرامام سے شادی کے بعد وہ ثناء فخر کہلاتی ہیں۔ فلموں میں کامیاب اداکاری اور کئی مشہور فلمیں دینے کے بعد انھوں نے ٹیلی ویژن پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ آجکل وہ جیو ٹی وی کے ڈرامے ’سائبان‘میں جلوہ گر ہورہی ہیں اور لوگوں کو اپنی اداکاری سے محظوظ کررہی ہیں۔
علی ظفر
18مئی 1980ء کو لاہور میں پیدا ہونے والے موسیقار، گلوکار، سونگ رائٹر، مصور، ہدایتکار اور اداکار علی ظفر اپنے گانے ’’چھنو کی آنکھ میں ایک نشہ ہے‘‘ کی بدولت مشہور ہوئے۔ ان کی پہلی البم حقہ پانی ان کے کیریئر کو آگے بڑھانے میں بہت معاون ثابت ہوئی۔ علی ظفر نے ماڈلنگ اور اداکاری کے میدان میں بھی خوب کامیابیاں سمیٹیں۔ انھوں نے’’طیفا اِن ٹربل ‘‘ جیسی ہٹ فلم کے ذریعے پاکستانی سینما انڈسٹری میں قدم رکھا اور خوب داد سمیٹی۔ علی ظفر کو ایشیا کے پُرکشش ترین مردوں کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے۔
میگن فاکس
ہالی ووڈ کی نڈر اور بے خوف اداکارہ میگن فاکس جو سوچتی ہیں، اس کا اظہار کرنے سے کبھی خوفزدہ نہیں ہوتیں۔ 16مئی 1986ء کو ٹینیسی، امریکا میں پیدا ہونے والی میگن فاکس ہالی ووڈ کی ایک باصلاحیت اداکارہ اور ماڈل ہیں۔2001ء میں انھوں نے اداکاری کا آغاز کیا، تاہم اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر جلد ہی انھوں نے ہالی ووڈ کے مرکزی دھارے میں اپنے لیے جگہ بنالی۔ وہ خود پر کامل درجے کا بھروسہ رکھتی ہیں۔ درحقیقت، میگن فاکس ایک مضبوط شخصیت کی مالک اداکارہ ہیں، جو غیرمتوقع کام کرنے سے نہیں گھبراتیں۔
جارج کلونی
1978ء میں ٹی وی سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے ہالی ووڈ سپر اسٹار جارج کلونی6 مئی 1961ء کو کینٹکی، امریکا میں پیدا ہوئے۔ دو بار آسکر ایوارڈ اپنے نام کرنے والے جارج کلونی کو دی امریکن فلم انسٹیٹیوٹ نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا ہے جبکہ وہ گولڈن گلوب اور بافٹا ایوارڈ بھی حاصل کرچکےہیں۔ جارج کلونی نے2014ء میں امل علم الدین سے شادی کی، ان کی ایک بیٹی ایلا اور بیٹا الیگزینڈر ہیں۔ امریکی جریدے فوربز نے گزشتہ سال انھیں سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والا اداکار قرار دیا تھا۔
میرانڈاکیر
آسٹریلین سپر ماڈل میرانڈا کیر، آسٹریلیا کی پہلی وکٹوریہ سیکریٹ ماڈل کے طور پر بھی پہچانی جاتی ہیں۔ میرانڈا نہ صرف باصلاحیت اور پراعتماد ہیں بلکہ خوبصورتی اور حسن میں بھی بے مثال ہیں۔ میرانڈا کااپنا بیوٹی برانڈ بھی ہے اور وہ ’سیلف ہیلپ بک‘کی مصنفہ بھی ہیں۔ 20اپریل 1983ءکو سڈنی میں پیداہونے والی میرانڈا دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود آج بھی کسی کالج گرل کی طرح ہی دکھائی دیتی ہیں۔
ڈیوڈ بیکہم
2مئی1975ء کو لندن، برطانیہ میں پیدا ہونے والے دنیائے فٹبال کے نامور کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم نے اپنے 20سالہ کیریئر میں برطانیہ کی جانب سے 115میچ کھیلے۔ ڈیوڈ بیکہم نے 1996ء میں برطانیہ کی قومی ٹیم سے کھیلتے ہوئے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا۔ 2000ء سے2006ء تک وہ برطانیہ کی قومی ٹیم کے کپتان بھی رہے۔ انھوں نے اپنے کیریئر میں پانچ فٹبال کلبز سے کھیلا اور اس دوران کُل19ٹرافیاں جیتیں، جن میں دس لیگ ٹائٹل بھی شامل ہیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے انھوں نے 394 میچ کھیلے ۔