• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراس ریل منصوبے کی تکمیل میں 2021 تک تاخیر کا خدشہ

لندن (پی اے) کراس ریل پراجیکٹ سے منسلک سینئر حکام کے مطابق ایسیکس میں ریڈنگ اور شین فیلڈ کے درمیان چلائی جانے والی مجوزہ ٹرین کراس ریل منصوبہ، جسے ایسٹ ویسٹ روٹ کہا جاتا ہے اور جس کا سرکاری نام ایلزبتھ لائن رکھا گیا ہے، کی تکمیل میں2021تک تاخیر کا خدشہ ہے، پروگرام کے مطابق یہ ٹرین دسمبر 2018سے چلائی جانی تھی۔ کراس ریل کے حکام کا کہنا ہے کہ ان ٹرینوں کی ٹیسٹنگ اور سگنلنگ کی جانچ پڑتال کا کام خوش اسلوبی کے ساتھ جاری ہے لیکن ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ جانچ پڑتال کا یہ عمل، جسے ڈائنامک ٹیسٹنگ کہا جاتا ہے، ابتدائی توقع کے برعکس زیادہ مشکل ثابت ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراس ریل کی سروس شروع ہونے کا انحصار اس سال کے اواخر تک ڈائنامک ٹیسٹنگ کے نتائج پر ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سگنلنگ سافٹ ویئرکی ٹیسٹنگ کا سب سے اہم مرحلہ اس سال کی آخری سہہ ماہی ہوگی۔ ایک دفعہ ڈائنامک ٹیسٹنگ مکمل ہوجائے کے بعد آزمائشی بنیادوں پرٹرین چلانا شروع کردی جائے گی، جس کے بعد اسے حقیقی ٹائم ٹیبل پر لے آیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ کی موجودہ صورت حال کے مطابق نیو ایلزبتھ لائن کی سروس شروع کرنے کا بہترین وقت 2020 کاموسم بہار ہوگا جبکہ اس کے آغاز کا بدترین وقت 2021 کا موسم بہار ہوگا۔ ریل کے 2دیگر ذرائع نے اس تجزیئے کو درست قرار دیا ہے لیکن اس کے باوجود یقین کے ساتھ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ ٹرین سروس کب تک شروع کی جاسکے گی، کیونکہ سرنگ کے 13 میل کے ٹکڑے پر نئے سگنلنگ سسٹم کو سافٹ ویئر سے میچ کرنے کا کام ابھی تک جاری ہے۔ ٹرینوں کے اوپر اور پورے روٹ پر واقع نئے سٹیشنوں کے ساتھ سگنلنگ ابھی نامکمل ہے جبکہ بانڈ سٹریٹ اورپیڈنگٹن اس حوالے سے سب سے پیچھے ہیں۔
تازہ ترین