کراچی ( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام پارٹی کےبانی و قائد الطا ف حسین کے والد نذیر حسین مرحوم کی49ویں برسی اتوار کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔ برسی کے سلسلے میں صوبہ سندھ ،پنجاب ، بلوچستان، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے۔اس سلسلے کامرکزی اجتماع ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد میں ہوا جس میں نذیر حسین مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ برسی کے اجتماع میں الطاف حسین کی ہمشیرہ محترمہ سائرہ اسلم ، ڈپٹی کنوینرزکہف الوریٰ، سید شاہد پاشا اراکین رابطہ کمیٹی اورحق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ، ایم کیوایم کے مختلف ونگز و شعبہ جات کے اراکین، کارکنان، ہمدردوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعدازاںمعروف عالم دین تنویر الحق تھانوی نے اجتماعی دعا کرائی۔دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کہف الوری ،سید شاہد پاشا،اراکین اور حق پرست اراکین اسمبلی نے پاپوش نگر کے قبرستان جاکر الطاف حسین کے والدکی قبر پر حاضری دی اور الطا ف حسین کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔