زردہ ہماری روایتی میٹھی ڈش ہے۔سندھی ،پنجابی ،بلوچی اور پٹھان سب ہی شادی بیاہ یا دوسری تقاریب میں اس ڈش کا ضرور اہتمام کرتے ہیں۔زردہ چاول،چینی،شیرہ،گڑ اور مختلف میوہ جات کے تیار کیا جاتا ہے۔ چندلذیذ تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔
زردہ
اجزاء۔
سیلا چاول۔ دو پیالی
تیل ۔حسبِ ضرورت
لونگ۔ دو سے تین عدد
سبز الائچی۔دس سےپندرہ عدد
چینی ۔ایک کپ
کشمش۔ ایک کپ
گری۔باریک15 ٹکڑے
بادام۔ ایک کپ
کیوڑا ۔چند قطرے
کھویا۔ اڑھائی سو گرام
گلاب جامن۔ حسبِ ضرورت
زردہ رنگ ۔حسبِ ضرورت
ترکیب۔
تین کپ پانی میں زردے کا رنگ ملا کر ڈیڑھ کپ چینی کا شیرہ بنا لیں۔چاول صاف کرکے 15 سے 20 منٹ پانی میں بھگوئے رکھیں۔اس کے بعد انہیں نتھار کر الگ کر لیں اور چینی والے شیرے میں لونگ ،الائچی،کشمش،بادام،کھویا،گری اور چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔جب ایک کپ بانی رہ جائے تو گھی،کیوڑا اور کھویا ڈال کر دم پر رکھ دیں۔خیال رہے کہ دم ہلکی آنچ پر دیں۔سات سے آٹھ منٹ بعد دم سے ہٹا لیںاورگلاب جامن سے گارنش کر کے سرو کریں۔
سفید مغلیہ زردہ
اجزاء۔
چاول(سیلابھگودیں)۔1کلو
چینی۔ 3کپ
تیل۔حسبِ ضرورت
سبز الائچی(کٹی ہوئی)۔ 8عدد
کیوڑا۔ 2کھا نے کے چمچ
بادام‘ پستے ۔حسبِ ضرورت
چم چم‘ گلاب جامن ۔حسبِ ضرورت
کھویا۔500گرام
نمک۔ حسبِ ذائقہ
ترکیب۔
پانی میں نمک دال کر چاول اُبال لیں۔ ایک کنی باقی رہ جائے تو چھلنی میں چھان کر پانی نتھار لیں۔دیگچی میں تیل گرم کر کے الائچی ڈال کر کڑا کڑائیں۔آدھے چاول ڈال کر فرائی کریں15 سے 20منٹ کے بعد چینی اور بقیہ آدھے چاول ڈال کر مکس کریں۔ڈھکن کھول کر درمیانی آنچ پر پکائیں۔ چینی کا پانی خشک ہوجائے تو آنچ ہلکی کردیں۔بادام‘ پستے‘ چم چم‘ گلاب جامن‘ کھویا اور کیوڑا ڈال کر دم پر رکھیں۔پھرگرم گرم پیش کریں۔
شکر قندی کا زردہ
اجزاء۔
شکر قندی۔1کلو
تیل۔حسبِ ضرورت
شکر۔4/1کلو
ناریل۔ آدھا
کیوڑہ اور الائچی۔ حسب ضرورت
میوہ جات۔حسبِ پسند
ترکیب۔
شکر قند ی کو کدوکش کرنے کے بعد پانی میں زرد رنگ ڈال کر جوش دیں۔تیل کو کڑ کڑا کر الائچی کے دانے ڈال دیں۔ اس مرکب کو بھون کر اس میں پسا ہوا ناریل اور شکر شامل کر کے پتیلی ڈھانک دیں اور آخر میں میوے ڈال کر سرو کریں۔
سویاں زردہ
اجزاء۔
سویاں۔1 کلو
تیل۔حسبِ ضرورت
چینی۔ حسب ِپسند
پسی ہوئی چھوٹی الائچی ۔15 عدد
پستہ، بادام اور ناریل۔ دو کھانے کے چمچ
زعفران یا زردہ رنگ۔ تھوڑا سا
ترکیب۔
چینی میں دو کپ پانی ڈال کر شیرہ پکائیں۔ زردہ رنگ یا پسی ہوئی زعفران ڈال کر چمچ چلائیں اور اتار لیں۔تیل میں الائچی گرم کر کے سویاں بھون لیں۔اب شیرہ ڈال کر سویا پکائیں۔پانی خشک ہو جائے تو دم دیں۔اور پستہ بادام اوپر سجاکر سرو کریں۔
آلو کا زردہ
اجزاء۔
آلو۔1کلو
کھویا۔4/1 کلو
تیل۔حسبِ ضرورت
دودھ۔2/1 کلو
شکر۔1 کلو
بادام کی گریاں اور کھوپرا ۔حسبِ پسند
چھوٹی الائچی کے دانے ۔ضرورت کے مطابق
کیوڑہ اور زعفران۔ حسبِ ضرورت
زرد رنگ۔ تھوڑاسا
ترکیب۔
آلوؤں کو کدوکش کر کے ان کے پتلے پتلے لمبے لچھے بنا لیں۔پھر آدھے گھی میں باقی الائچی دانے لال کر کے دودھ حل شدہ چیزوں سمیت ڈال دیں۔جب دوتین جوش آجائیں تو اس مرکب میں آلو کے بھونے ہوئے لچھے بھی ڈال دیں اور چند بار چمچ چلانے کے بعد اس مرکب کو ہلکی آنچ پر دم دیں۔جب تیار ہو جائے تو زعفران کیوڑے میں حل کر کے ڈال دیںپھرچولہے سے اتارلیں اور سرو کر دیں۔
درپشت زردہ
اجزاء۔
چاول۔ ایک پاؤ، چینی۔ آدھا کلو،تیل۔ آدھ پاؤ
گری بادام چھلی ہوئی ۔آدھ پاؤ،پستہ ۔آدھی چھٹانک،سبز الائچیاں۔ چھ عدد، لونگ۔ دو عدد
دار چینی۔چند چھوٹے ٹکڑے،میوہ ۔دو چھٹانک
مشک۔ چند قطرے،زعفران پسی ہوئی۔ آدھی چٹکی،کیوڑا۔ ایک بڑا چمچ
ترکیب۔
چاول صاف کرکے آدھا لیٹر پانی میں آدھےگھنٹےتک بھگوئے رکھیں۔چینی باریک پیس کر تین پاؤ پانی میں حل کر لیں اور اسے چاشنی بنانے کیلئے ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔پتیلے میں تیل ڈال کر اسے بھی مدہم آنچ پر رکھ دیں۔سبز الائچیاں اسی میں بھونیں اور بعد میں لونگ، دار چینی، پھولی ہوئی کشمش ، بادام، اخروٹ اور پستہ تل لیں۔ مشک کےچند قطرے بھی ڈال دیں۔بھیگے ہوئے چاول ملائیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ میوہ اور چاول بھون کر چمکنے لگیں تو چاشنی ڈال دیں۔ چاشنی آدھ لیٹر ہو نی چاہیے۔ چند منٹ تک برتن ڈھکا رہنےدیں، چاول گل جائیں چاشنی جذب ہو جائے تو دم لگا دیں۔اب کیوڑا ڈال دیں اور دس منٹ کے بعد اتارلیں۔پھر زعفران چاولوں پر چھڑکیں۔ورق لگائیں اور پستہ بادام، اخروٹ تیل میں تل کر ڈال دیں۔چاشنی چاولوں میں ڈالتے ہوئے اگر آدھ لیٹرنہ ہو تو کھولا ہوا پانی اسی مقدار میں ڈال دیں۔دو گنا پانی میں چاول گل جاتا ہے۔درپشت زردہ سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔