اسلام آباد ( آن لائن )لندن میں پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے منحرف رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی صدر مسلم لیگ ( ن ) شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے ،جس کے بعد وہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر حلف اٹھائیں گے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چوہدری نثار نے ( ن ) لیگ میں مزاحمتی سیاست کا بیانیہ رد ہونے کے بعد رابطوں کا فیصلہ کیا اور اسی سلسلے میں ان کی شہبازشریف کے ساتھ لندن میں ملاقات متوقع ہے۔ چوہدری نثار کی جانب سے 24 اپریل کے بعد صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر حلف اٹھانے کا امکان ہے تاہم وہ فیصلہ شہبازشریف سے ملاقات کے بعد کریں گے۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں چوہدری نثار نے آزاد الیکشن لڑا لیکن وہ قومی اسمبلی کی سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے اور انہیں پی ٹی آئی رہنما غلام سرور کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ صوبائی نشست میں کامیاب ہوئے لیکن انہوں نے ابھی تک حلف نہیں لیا ہے۔