لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میا ں اسلم اقبال نے ایکسپو سنٹر جوہر ٹاؤن میں بورڈآف مینجمنٹ سندرانڈسٹریل سٹیٹ کے زیر اہتمام سندر ایکسپو2019 کا افتتاح کیا - صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر اکنامک کوریڈور بنانے کا اعلان کیا -صوبائی وزیر نے کہاکہ ساہیوال میں 750 ایکڑ رقبے پر نیا انڈسٹریل زون بنایاجائے گا - سپیشل اکنامک زون کا درجہ بھی دیں گے - انہوں نے کہاکہ سات نئے سپیشل اکنامک زونز کی بھی جلد منظوری ہوگی جبکہ سندر انڈسٹریل سٹیٹ کو وسعت دینے کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے -پنجاب حکومت نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب سمارٹ ریگولیشن ایکٹ متعارف کرایاجارہاہے اور اس ایکٹ کی تیاری کے لئے کمیٹی نے کام کا آغاز کردیاہے - غیر ضروری اور فرسودہ قوانین کا خاتمہ کرکے باقی قوانین کو آسان بنایاجا ئے گا-چیئرمین پیڈمک شعیب زاہد ملک اورصدر سندر انڈسٹریل سٹیٹ شہزاد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندر انڈسٹریل سٹیٹ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا -