• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کیلئے مراعاتی پیکیج لا رہی ہے، عبدالکریم

پشاور ( نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا میں قائم تمام صنعتی زون کی ترقی اور ان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ وفد کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے انہیں یقین دلایا کہ صوبائی حکومت صنعتی پالیسی کو نرم کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے ایسی مراعاتی پیکیج لا رہی ہے جس سے سرمایہ کاروں کو پہلے کی نسبت بہترین ماحول میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام صنعتی زون میں ماحولیاتی آلودگی کا پورا خیال رکھا جائے اور ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے یہاں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کر رکھا ہے ۔ صوبے کے صنعتی و تجارتی ترقی کے لیے ہمیں جدید تقاضوں اور ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنا ہو گا اور صوبے کے خام مال سے فائدہ اٹھانا ہوگا ۔ معاون خصوصی نے صنعتی زون میں قائم لیبرکالونی کی خوبصورتی اور ان کی انتظامی امور میں بہتری کے لیے بھی تاکید کی تاکہ مزدوروں کے بچوں کو صحت کے ساتھ بہترین تعلیمی ماحول فراہم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ فوکس سکول کی حالت زار کو ٹھیک کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان کے معیار کو بہتر بنایا جائے اور شفافیت اور کئی دیگر مسائل فوری طور حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مزدوروں کو اجرت وقت پر دی جائے۔
تازہ ترین