• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم ڈی سی اجلاس ،10ڈاکٹروں کیخلاف تادیبی کارروائی کی منظوری

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پی ایم اینڈ ڈی سی نے غلط پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تیاری پرسخت کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹروں کے لائسنس مستقل بنیادوں پر منسوخ کر دیے ہیں۔ پیر کو کونسل نے غلط پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تیاری کے عمل کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے دو ڈاکٹروں کے لائسنس مستقل منسوخ کرتے ہوئے ان کے خلاف ضابطہ ء فوجداری کے تحت کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق،کونسل نے 10 ڈاکٹروں کے خلاف لائسنسوں کی منسوخی / معطلی کے حوالے سے تادیبی کارروائی کی منظوری دیتے ہوئے مزید 4کونوٹس جاری کیے کہ ثبوتوں کی بنیاد پر اپنے عمل کی وضاحت پیش کریں، کونسل نے 10 ہسپتالوں کو انکی انتظامی غفلت اورناکامی پرہدایتی نوٹس جاری کرنے کی منطوری بھی دی۔ مزید تفتیش کیلئے یہ ہدایات متعلقہ صوبائی ہیلتھ کمشنز کو بھی جاری کی جائیں گی۔ 194 ویں اجلاس میں کونسل نے راول میڈیکل کالج ، اسلام آباد کی تفتیشی رپورٹ کاجائزہ لیا اوربطورپرائیویٹ میڈیکل کالج ادارے کی جانب سے ایویلیوایشن کے معیارپر عمل درآمد میں ناکامی پراسکی منظوری کومنسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم، جیسا کہ یہ مسئلہ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے ، کونسل نے فیصلہ عدالت کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی تاکہ مزید کارروائی ممکن ہوسکے، جبکہ کالج کے طلبہ کوقانون کے مطابق دیگراداروں میں ایڈجسٹ کیاجائے گا۔ کونسل نے میڈیکل وڈینٹل کالجزکے نئے تجزیاتی معیارکے سٹرکچرکی بھی منظوری دی ،انتظامی کارروائی کے دوران کونسل نے سنیئر افسر، ڈپٹی رجسٹرار،4افسران اورسٹاف ممبر کوبھی انکوائری کے نتیجے میں معطل کردیااورمسائل کی شنوائی کیلئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیے۔ڈاکٹرکی جانب سے فائل چوری کے کیس پر فیصلہ کرتے ہوئے ایف آر درج کردی گئی ہے۔ کونسل نے رجسٹرار، ڈائریکٹرفنانس اورایکسٹرنل آڈیٹرکی تعیناتی کے اشتہارات کی بھی منطوری دی جبکہ پی ایم اینڈڈی سی کے نئے انتظامی ڈھانچے کی منظوری دیتے ہوئے ایچ آرکمیٹی کو اختیاردیاگیاکہ ہرشعبہ کے سربراہان کے معیارکا تعین کیااورانکی جلد تشہیرکیلئے احکامات جاری کیے۔ کونسل نے صوبائی ہیلتھ کمشنرزکے ساتھ سیمیناراورمشاورتی اجلاسوں کابھی فیصلہ کیا۔
تازہ ترین