• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے 16نکات پر عمل کرکے ملک بحرانوں سے نکل سکتا ہے،مصطفی کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے پیش کردہ 16 نکات پر عملدرآمد کر کے ملک کو بحرانوں سے نکال کر صحیح سمت میں گامزن کیا جا سکتا ہے۔پرونشل فنانس کمیشن کے ذریعے وسائل نچلی سطح پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔وہ پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے گلشن اقبال ٹاؤن، یوسی 27، ونڈر ٹاور میں عوامی رابطہ مہم کے تحت عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اس وقت صوبائی حکومتوں سے نیشنل فنانس کمیشن پر مذاکرات کر رہی ہے جو ملک کی ترقی اور عوامی مسائل حل کرکے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہم ہے لیکن اگر این ایف سی ایوارڈ کے ساتھ پی ایف سی ایوارڈ کو حتمی شکل نہ دی گئی تو لوگوں کو اٹھارویں ترمیم سمیت این ایف سی ایوارڈ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ لوگوں کو این ایف سی ایوارڈ کے ثمرات نچلی سطح تک منتقل ہو سکیں اس کیلئے نیشنل فنانس کمیشن کو پرو و نشنل فنانس کمیشن سے مشروط کرنا ہوگا۔ ملک کو معاشی محاذ پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں موجودہ حکومت مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے۔ اس موقع پر وہاں موجود عوام نے سید مصطفیٰ کمال کے دور نظامت میں ہونے والے کا مو ں کو سراہا اور موجودہ درپیش مسائل پر شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔ عوام کی بڑی تعداد نے سید مصطفیٰ کمال کے نظر یے کو گھر گھر پہنچانے اور پاک سرزمین پارٹی کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں مصطفی کمال نے کراچی کے سرکاری اسپتال میں معصوم لڑکی سے زیادتی کے بعد قتل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس افسوسناک سنگین واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں اور معصوم لڑکی کے والدین کو انصاف فراہم کیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی جائے۔
تازہ ترین