• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات فروشی کے ساتھ جوئے کے اڈوں میں اضافہ افسوسناک ہے،پشتونخوامیپ

کوئٹہ( پ ر)پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ شہر بالخصوص نواں کلی ، پشتون آباد، تختانی بائی پاس،مسلم اتحاد کالونی ، شالدرہ ، پشتون درہ ، ہزار گنجی ودیگر ملحقہ علاقوں میں سرعام منشیات فروشی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور پولیس کے حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ شہر میں ایک بار منشیات فروشی کا کاروبار عروج پر پہنچ چکا ہے، منشیات فروشی کے اڈوں کے ساتھ جوئے کھیلنے والے اڈوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہواہے اور افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ اڈے سرعام چل رہے ہیں اور متعلقہ پولیس تھانے بجائے ان کے خلاف کارروائی کرنے کے ان کی پشت پناہی ونگرانی کر رہے ہیں جبکہ ایک فورس اڈوں پر جاکر بھتہ لیتی ہے اور انہیں کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ نواں کلی ، کوٹوال قبرستان ، زرغون آباد فیزIاور زرغون آباد تھانے سے منسلک دیگر علاقے ، پشتون آباد ، مٹھا چوک ، شالدرہ ، حاجی غیبی روڈ، مشرقی ومغربی بائی ، مسلم اتحاد کالونی وگردنواح ، ہزار گنجی وگردنواح میں منشیات فروشی عروج پر جا پہنچی ہے جس کے منفی اثرات علاقے اور بالخصوص نوجوانوں پر بھی مرتب ہورہے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ جرائم کے اڈوں کا سرعام چلنا پولیس تھانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ حکومت اور پولیس حکام متعلقہ علاقوں کے پولیس تھانوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان منشیات اور جوؤں کے اڈوں کے خاتمے اور چوری وڈکیتی سمیت ہر قسم کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے ساتھ پر امن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
تازہ ترین