وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری اپنے بیٹے بلاول کو استعمال کر رہے ہیں، ملک میں صرف بلاول بھٹو ہی خوشبو ہیں۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ جو سمجھتا ہے کہ عمران خان بے خبر ہے، اس سے زیادہ بےخبر کوئی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دو سیاسی بیانیوں کا نام ہیں، شہباز شریف نے گوٹی پھنسائی ہوئی ہے، جو نہ اِدھر ہوتی ہے نہ اُدھر،شہباز شریف وکٹ کی دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ میرا خیال نہیں کہ چوہدری نثار حلف اٹھائیں گے، وزیراعظم عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پیچھے کھڑے ہیں ۔
ان کا کہنا ہےکہ شیخ حفیظ ملک کا اثاثہ ہیں، اسد عمر بھی ایک ذہین انسان ہیں، پی ٹی آئی کی لوکل سیاست کے ساتھ میرا کوئی تعلق نہیں، عمران خان ہی پی ٹی آئی کا دوسرا نام ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ کل ہم چین جا رہے ہیں، جہاں ان شا اللہ ایم ایل ون معاہدے پر دستخط ہوں گے، ریلوے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم نجی شعبے کو دینے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرسید ایکسپریس کے افتتاح کے لیے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تاریخ ملنے کا انتظار ہے، سرسید ایکسپریس ایک نئی مکمل ٹرین ہوگی، جس میں ہر کلاس کا مسافر سفر کرسکے گا۔