سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایون اسپیجل اور آسٹریلوی سپر ماڈل میراندا کیر بلاشبہ انفرادی طور پر اپنی اپنی جگہ بااثر شخصیات ہیں اور جب یہ دونوں بااثر شخصیات ایک ہوئیں تو ان کا شمار دنیا کے سب سے طاقتور جوڑوں (موسٹ پاورفل کپل) میں کیا جانے لگا۔
ایک طرف 35سالہ میرانداکیر فیشن اور ماڈلنگ انڈسٹری میں بڑا نام رکھتی ہیں، تو دوسری جانب 28سالہ ایون اسپیجل، دنیا کی چند بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل اسنیپ چیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں۔ دونوں کی ملاقات 2015ء میں ہوئی، جس کے بعد ان دونوں کے درمیان ایک مضبوط رومانوی تعلق پروان چڑھنا شروع ہوا۔
2015ء کی ایک رات، لوئس ویٹون نے لاس اینجلس میں عشائیہ کا اہتمام کیا ہوا تھا۔ ایون اسپیجل اور میراندا کیر بھی اس تقریب میں مدعو تھے اور وہیں ان دونوں کی پہلی بار ایک دوسرے سے ملاقات ہوئی۔ اس تقریب میں ہارپر بازار کی ایڈیٹر اِن چیف گلینڈا بیلی بھی موجود تھیں۔ گلینڈا بیلی نے جب ایون اسپیجل اور آسٹریلوی سپر ماڈل کو ایک دوسرے کے ساتھ محو گفتگو دیکھا تو انھوں نے موقع پاکر میراندا کیر کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’’میں شرط لگانے کو تیار ہوں، تم دونوں جلد شادی کرلوگے‘‘۔
اس ملاقات کے بعد ان دونوں کی دوستی پروان چڑھنا شروع ہوئی، جو جلد ہی محبت میں بدل گئی۔ ان ہی دنوں میراندا کیر نے سڈنی کے اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا، ’’محبت کا تعلق قائم ہونے سے پہلے، ہمارے درمیان اچھے دوستوں والا تعلق قائم تھا‘‘۔
اس کے اگلے ہی سال، مئی 2016ء میں دونوں نے منگنی کر لی۔منگنی کا اعلان میراندا کیر نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بِٹ موجیز (Bitmojis) استعمال کرتے ہوئے کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، منگنی کی انگوٹھی میں استعمال ہونے والا ہیرا (ڈائمنڈ) 1.75قیراط سے 2.5قیراط کا تھا، جس کی مالیت 75ہزار ڈالر سے ایک لاکھ ڈالر تک تھی۔ اسی ماہ انھوں نے برینٹ ووڈ، لاس اینجلس میں 7,164مربع فٹ پر مشتمل ایک شاندار گھر خریدا، جس کی مالیت اس وقت 12ملین ڈالر تھی۔ یہ گھر ان سے پہلے ہالی ووڈ اداکار ہیری سن فورڈ کا تھا۔ گھر میں جِم، پول اور گیسٹ ہاؤس بھی موجود ہے۔
منگنی کے ٹھیک ایک سال بعد مئی 2017ء میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ شادی کی تقریب کو انتہائی نجی اور مختصر رکھا گیا تھا۔ محض 45مہمانوں پر مشتمل فہرست میں ہائی پروفائل شخصیات اور ماڈلنگ کی دنیا کے لوگ ہی شامل تھے۔ کم تعداد میں مہمان مدعو کرنے کی وجہ یہ تھی کہ ایون اسپیجل اپنی ذاتی زندگی کو انتہائی خفیہ رکھنا پسند کرتے ہیں۔ کالے شیشوں والی لیموزین گاڑیوں نے مہمانوں کو چیک پوائنٹس سے بٹھایا اور پھر انھیں ایون اور میراندا کی شادی کی تقریب کے مقام پر پہنچا دیا۔ شادی کی تقریب ان کے برینٹ ووڈ میں واقع گھر کے پچھلے حصے میں ہی منعقد کی گئی تھی۔ نومبر 2017ء میں اس جوڑے نے اعلان کیا کہ وہ اگلے سال اپنے پہلے بچے کی آمد کی تیاریاں کررہے ہیں، اس طرح مئی 2018ء میں ان کے یہاں بیٹے ہارٹ (Hart)کی ولادت ہوئی، جس کا نام ایون کے دادا کے نام پر رکھا گیا ۔ بیٹے کی پیدائش کے چند روز بعد میراندا نے اپنے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ میں لکھا، ’’گرمجوش نیک تمناؤں پر میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ ہارٹ کی آمد کے بعد گزشتہ 17دنوں سے میں، ایون اور فِلین (پہلی شادی سے میراندا کا بیٹا) انتہائی مسرت محسوس کررہے ہیں‘‘۔ بچے کی پیدائش پر ایون اسپیجل نے ایک انٹرویو میں کہا، ’’بچے کی پیدائش ایک زندگی بدلنے والا واقعہ ہوتا ہے، جسے بیان کرنا ممکن نہیں ہے‘‘۔
ایون اسپیجل کی زندگی میں آنے سے قبل میراندا کیر آسٹریلیا کی ٹاپ سپرماڈل تھیں۔ 2007ء میں وہ وِکٹوریاز سیکریٹ اینجل بننے والی پہلی آسٹریلوی ماڈل ہونے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ اس کے علاوہ دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی ماڈلز کی فہرست میں بھی وہ مسلسل شامل رہی ہیں۔ اب وہ تخلیقی منصوبوں جیسے اپنی اِسکن کیئر لائن پر کام کرتی ہیں، جسے انھوں نے 2009ء میں لانچ کیا تھا۔
ایون اسپیجل سے تعلقات استوار ہونے سے پہلے 2013ءتک میراندا کیر کے برطانوی اداکار اورلانڈو بلوم کے ساتھ تعلقات تھے، جس سے ان کے یہاں بیٹے ’فِلین‘ کی پیدائش ہوئی، جو اس وقت 8سال کا ہے۔ فِلین ابھی تک اپنی والدہ میراندا کیر کے ساتھ رہتا ہے۔ میراندا کیر کہتی ہیں، ’’میں، فِلین، ایون اور ہارٹ سب اِکٹھے رہتے ہیں اور ہم خود کو ایک ماڈرن فیملی تصور کرتے ہیں‘‘۔
ایون اسپیجل اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں فوٹو شیئرنگ ایپ ’اسنیپ چیٹ‘ کے سی ای او کے طور پر مصروف رہتے ہیں۔ ایون اسپیجل کا شمار دنیا کےارب پتی امیر ترین افراد میں ہوتا ہے اور فوربز کے مطابق، مارچ 2019ء کے وسط تک ان کے اثاثوں کی مالیت 2.6ارب ڈالر جبکہ میراندا کیر کے اثاثوں کی مالیت تقریباً45ملین ڈالر تھی۔
ہرچندکہ اس جوڑے نے اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا کی چکاچوند سے دور رکھا ہوا ہے اور وہ ایسا کرنے میں بہت خوش ہیں، تاہم کبھی کبھی دونوں کسی ہائی پروفائل ایونٹ میں ایک ساتھ نظر آجاتے ہیں، جیسے مئی 2016ء میں اس وقت کے امریکی صدر براک اوباما نے انھیں وہائٹ ہاؤس میں ڈِنر پر مدعو کیا تھا۔ میرانداکیر کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو دیکھ کر بھی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی میں ایک دوسرے سے بہت خوش اور مطمئن ہیں۔
مارچ 2017ء میں ایون اسپیجل نے اسنیپ چیٹ کو اسٹاک مارکیٹ پر درج کروانے کا اعلان کیا تھا اور پھر اس کی اولین عوامی فروخت(IPO)کے ذریعے 505.4ملین ڈالر کا پیکیج حاصل کیا، جس کے بعد وہ امریکا کے سب سے زیادہ تنخواہ اور مراعات کاپیکیج لینے والے سی ای او بن گئے۔
میراندا اور ایون، دونوں ہی رات میں جلدی سونے اور بچوں کے اسکرین ٹائم کے حوالے سے بہت حساس ہیں۔ ہارٹ تو خیر ابھی ایک سال کا بھی نہیں ہوا اور وہ لفظ ’اسکرین‘ سے بے خبر ہے، تاہم انھوں نے اپنے بڑے بیٹے فِلین کے اسکرین ٹائم پر بھی سخت پابندی عائد کی ہوئی ہے اور اسے پورے ہفتے ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ اسکرین کے سامنے وقت گزارنے کی اجازت نہیں ہے۔اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ایون اور ان کے سوتیلے بیٹے کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی نہیں ہے۔ ’’وہ پہلے ہی میرے آئی پوڈ پر ہے۔ ہم ایک دوسرے کو ای میل بھی کرتے ہیں، جس میں ایموجی کا بھاری استعمال ہوتا ہے‘‘، ایون نے گزشتہ سال ایک انٹرویو میں کہا تھا۔