• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھروں کی تعمیر کے مختلف انداز نہ صرف مکینوں کے ذوق، طرزِ زندگی اور شخصیت کے عکاس ہوتے ہیں بلکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہوتے ہیںکہ اس ملک میں تعمیراتی صنعت کتنی ترقی کررہی ہے اور خود کو جدت سے کس قدر روشناس کروارہی ہے۔ مختلف ممالک کی تعمیراتی صنعت کا تجزیہ الگ الگ طریقوں سے کیا جاسکتا ہے، جیسا کہ وہاں کی آرکیٹیکچرل ڈیزائننگ یا تعمیرات میں استعمال کی گئی جدید ٹیکنالوجی (مثلاً روبوٹکس، مصنوعی ذہانت وغیرہ)۔ تاہم آج کے مضمون میں چند ممالک کا ذکر کرتے ہیں، جہاں کی تعمیراتی صنعت تو جدید طرز پر استوار ہے ہی لیکن وہاں بالکنی کے دیدہ زیب ڈیزائن بھی آنکھوں کو لبھاتے ہیں کیونکہ دور جدید میں خوبصورت بالکنی کسی بھی عمارت کے لیے لازمی تصور کی جانے لگی ہے۔ تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ بالکنی نہ صرف گھر کی ڈیزائننگ کے دوران تخلیقی فہم وفراست کی عکاس ہوتی ہے بلکہ یہ پورے ملک کی تعمیراتی اختراعیت کا بھی ثبوت پیش کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے ممالک بالکنی کو ڈیزائن کرنے کے لیے منفرد اسٹائل اور انداز کا انتخاب کرتے ہیں۔ کچھ ایسے ہی ممالک کی بات کرتے ہیں جو بالکنی کے منفرد ،خوبصورت اور تخلیقی ڈیزائن کے سبب دنیا بھر میں مشہور ہیں۔

اسپین میں بالکنی ڈیزائننگ

دور جدید کے مختلف رجحانات اور روایات کے پیش نظر اسپین میں بنائی جانے والی بالکنی وہاں کےمعماروں کی ہنر مندی کا ثبوت دیتی ہے۔ اسپین میں بالکنی ڈیزائننگ کے لیےعام طور پرعمارت کے بیرونی حصے کی دیواروں کو رنگ برنگا رکھا جاتا ہے اور مختلف طرح کی پینٹنگ آویزاں کی جاتی ہیں۔ بالکنی گرل عام طور پر اونچی ہونے کے بجائے قدرے نیچی اور ایک کے بجائے دو اپارٹمنٹس سے منسلک ہوتی ہے۔ پہلی نگاہ پڑتے ہی اسپینش کمیونٹی اپارٹمنٹ میں بنی بالکنی کو دیکھ کریوں محسوس ہوتا ہے کہ گویا یہ بالکنی دو گھروں کے بجائے ایک ہی گھر کاحصہ ہو۔ بالکنی گارڈننگ کے لیے پھولوں کا انتخاب کچھ اس طرز پر کیاجاتا ہے کہ یہ پھول بالکنی کو خوبصورتی اور کمال ہوشیاری سے ڈھانپے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔

امریکا میں بالکنی ڈیزائننگ

اس تصویر میں دکھایا گیا بالکنی ڈیزائن، امریکی ریاست لاؤزینیاکےشہر نیو آرلین میں بڑے پیمانے پر مقبول ہے۔ یہاں بنائی جانے والی بالکنی کی لمبائی عام بالکنی کی نسبت زیادہ بڑی ہوتی ہے۔ بالکنی کی آرائش کے لیے گرل کا انتخاب صرف فرنٹ سائیڈ کے لیے ہی نہیں بلکہ بالکنی کے چاروں اطراف کیا جاتا ہے۔ یہ گرل اپارٹمنٹ کی عمارت کو ایک خوبصورت اور دلکش انداز بخشتی ہیں، وہاں کے باشندے بالکنی گارڈننگ کے لیے لٹکنے والے خوبصورت اور ہرے بھرے گملوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ یہ گملے خاصے بڑے اور بھاری ہوتے ہیں، جنہیں بالکنی کے مرکز میں لٹکا کر گھر کے بیرونی حصے کی چکا چوند میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

اٹلی میں بالکنی ڈیزائننگ

اٹلی میں بالکنی ڈیزائننگ کا انداز سادہ اور عام سا ہے۔ بیرونی دیوار کے لیے محتاط اور مخصوص رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے لیکن جو چیز اٹالین بالکنیز کو دنیا کے دیگر ممالک سے منفرد بناتی ہے وہ وہاں کی ڈیکوریشن ہے اٹلی میں بالکنی ڈیکوریشن کے طور پرباغبانی کا انتخاب منفرد انداز میں کیا جاتا ہے۔مثلاًباغبانی کے لیے استعمال کیے جانے والے گملے کوئی عام نہیں بلکہ ان گملوں پر خواتین اور مردوں کی اشکال کندہ ہوتی ہیں۔منفرد شکلوں والے یہ گملے اٹلی میں موجود اکثر بالکنی میں رکھے دکھائی دیتے ہیں ۔

برازیل میں بالکنی ڈیزائننگ

برازیل کا شمار عام طور پر ان ممالک میں ہوتا ہے، جو دیواروں پر منفرد اور قدرے مختلف رنگ وروغن اور ڈیزائننگ کے لیے دنیا بھر میں مقبول ومعروف ہیں۔ برازیل میں تعمیر ہونے والی عمارتوں کا بیرونی رنگ وروغن ان کی تعمیراتی صنعت کا ایک خاص انداز ہے۔ عمارت کے بیرونی رخ بنائی گئی بالکنی عام طور پر سادہ ہوتی ہے، جہاں سٹنگ ایریا کی گنجائش نہیں ہوتی۔ عمارت کے بیرونی رخ خوبصورت گرل کی تعمیر اس حصے کو بالکنی سے تشبیہہ دیتی ہے، جہاں کھڑے ہوکر باہر کے نظاروں سے لطف اندوز ہوا جاتا ہے۔

تازہ ترین