اسکول کی تعلیم مکمل ہونے کی خوشی اور کالج جانےکا شوق کچھ الگ ہی ہوتا ہے۔ اگر ماضی پر نظر ڈالیں تو وقت اتنی تیزی سے گزرا ہوتا ہے کہ ایسا لگتاہے جیسے ابھی اسکول میں داخل ہوئے تھے او ر ابھی یہاں سے کوچ کرجانا ہے۔ یہی حال کالج کا بھی ہوتاہے بلکہ اسکول کے دس سال کے مقابلے میں کالج کا عرصہ اور بھی کم ہوتاہے۔ آپ اسکول میں جتنی محنت کرتے تھے، کالج میں اس کو10سے ضرب دینا ہوگا تب جاکر آپ کی وہ کارکردگی برقرار رہے گی، جس کی وجہ سے آپ اسکول کے نمایاں طالب علم کہلائے جاتے تھے۔
اچھے کالج کا انتخاب کرنا بھی آسان کام نہیں ہوتا، اس کیلئے آپ کو پہلے ہی سے پلاننگ کرنی پڑتی ہے۔ فرض کریں کہ آپ کے پسندیدہ کالج میں گزشتہ برس89فیصد مارکس والے طلبہ کو ہاتھوں ہاتھ لیا گیا تھا تو اب میڑک میں آپ نے90فیصد مارکس حاصل کرنے کی حتی الامکان کوشش کرنی ہے۔ نہیں تو اس سے کم معیار کے کالج میں آپ کو داخلہ لینا پڑ سکتاہے اوریہیں سے آپ کا پہلا خواب ٹوٹنے کا خدشہ لاحق ہو جاتاہے۔
مستقبل کی منصوبہ بندی
تعلیمی سفر میں گریڈ ز بہت اہمیت رکھتے ہیں لیکن ہوسکتاہے کہ آپ جو کورسز کررہے ہوں، ان میں اچھے گریڈ حاصل کرنا آسان کام نہ ہو۔ مثال کے طور پر آپ نے کوئی آسان کورس لیا اور آرام سے ’’A‘‘ گریڈ حاصل کرکے خوش ہوگئے، تاہم اس کے برعکس اگر آپ مشکل کورس لےکر اس میں Aگریڈ لیتے ہیں تو آپ کے لیے آگے کے راستے آسان ہو جاتے ہیں۔ آج کل کالجز ان طلبہ کو ترجیح دیتے ہیں، جنہوں نے اپنے ہائی اسکول میں مختلف النوع کلاسز اٹینڈ کی ہوں۔
اگر آپ نے انجینئرنگ کالج میں داخلہ لینا ہے تو آپ کو ہائی اسکول میں انجینئرنگ کے مضامین جیسے میتھ، فزکس، کیمسٹری وغیرہ میں عمدہ کارکردگی دکھانی ہوگی، کالج والے یہی دیکھتے ہیں کہ ان مضامین میں آپ کی کیا کارکردگی رہی۔ ایک مضبوط نصاب میں آپ کی عمدہ کارکردگی یہ ظاہر کرتی ہے کہ ہائی اسکول میں آپ نے چیلنج قبول کیا اور کالج کی اچھی تیاری کیلئے محنت کی ہے۔
یہاںیہ بات بھی اہمیت اختیار کر جاتی ہےکہ ہائی اسکول میں آپ کو اپنی تمام تر کوتاہیاں دور کرنی ہوتی ہیں تاکہ آپ کو کالج میں زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس ضمن میں آپ کو اپنی ذاتی دلچسپیوں کو بھی کھوجنے کی ضرورت ہوگی، جس کیلئے آپ کو درج ذیل اقدامات کرنے ہوں گے۔
بنیادی علم میں مہارت
اپنے ذخیرہ الفاظ، پڑھنے اور لکھنے میں مہارت لائیں۔ اپنی کمپیوٹر ٹائپنگ اسپیڈ کوبہتر کریں۔ انٹرنیٹ سرچنگ اور کمپیوٹر استعمال کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ کلاسز کے ذریعے اپنی دلچسپیوں کو دریافت کریں، چاہے وہ کیمسٹری ہو یا دنیائے ادب یا پھر کیلکولس۔ مختلف موضوعات جو آپ کو اچھے لگتے ہیں، ان کی کلاسیں لینے سے آپ کو اپنی دلچسپی کا بخوبی اندازہ ہو جائے گا۔
کاؤنسلنگ کیجئے
اپنے کیریئر کے مقاصد پر گفتگو کیجئے اور ان کلاسزکے بارے میں دریافت کیجئے جو آپ کو لازمی لینی چاہئیں۔ اپنے ہائی اسکول کے نصاب کا جائزہ لیں اور اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ آپ سب کچھ کور کرچکے ہیں۔
غیر نصابی دلچسپیاں
کلاس روم سے باہر کی دنیا کومت بھولیے۔ کالجزان طلبا کو پسند کرتے ہیں، جو اچھے گریڈز لانے کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں بھی اچھے ہوں، غیرنصابی سرگرمیاں تو سونے پر سہاگہ ہوتی ہیں۔ داخلہ کمیٹی یہ دیکھنا چاہتی ہے کہ طلبہ کالج کے اندر اور باہر کس طرح کالج کی ساکھ کو عمدگی سے برقرار رکھ پائیں گے۔ اس ضمن میں آپ کمیونٹی سروس یعنی رضاکارانہ خدمات میں حصہ لے سکتے ہیں یا کوئی پارٹ ٹائم جاب کرسکتے ہیں۔ غیر نصابی سرگرمیاں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ آپ ایک سلجھے ہوئے، نفیس اور ملٹی ٹیلنٹڈ طالب علم ہیں اور بخوبی جانتے ہیں کہ آپ اپنا ٹائم کتنی عمدگی سے مینیج کرتے ہیں۔
بھر پور صلاحیتوں کا مظاہر ہ
اپنی کلاس میں آپ کو بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہے۔ یاد رہے کہ کلاس رینک اور گریڈز کالج میں داخلے کا اہم پہلو ہیں۔ کوشش کریں کہ آنر لیول اور ایڈوانس پلیسمنٹ کورسز بھی کرلیں۔ آپ کے کالج کو انداز ہ ہوجائے گاکہ آ پ میں چیلنج قبول کرنے اور کچھ کرگزرنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔
پہلے سے تیار ی
اپنے پسندیدہ کالج میں داخلے سے قبل اس کے بارے میں انٹرنیٹ پر جتنی معلومات حاصل کرنا چاہیں کرلیں تاکہ جب آپ وہاں قدم رکھیں تو اجنبیت محسوس نہ کریں۔ اسکالر شپ پروگرام کی بھی پہلے سے معلومات لے کر رکھیں اور ابھی سے اسے حاصل کرنے کی تیار ی کریں۔