کانگریس پارٹی کی رہنما پریانکا گاندھی نے کہا ہے کہ جنگ رکنے کا اعلان ہماری فوج یا حکومت نے نہیں امریکی صدر نے کیا۔
بھارتی لوگ سبھا میں حکومت اور اپوزیشن ارکان میں گرما گرمی ہوئی، سماج وادی پارٹی کے اکھلیش یادیو نے آپریشن سندور اور پہلگام واقعے پر سوالات اٹھا دیے۔
اکھلیش یادیو نے سوال کیا کہ آپریشن مہادیو کل ہی کیوں ہوا؟ دہشت گرد پارلیمنٹ کے سیشن کے دوران ہی کیوں مارے گئے؟
انہوں نے کہا کہ ہمارے بہترین ایئر کرافٹ کی لیموں مرچ لگا کر پوجا کی گئی وہ کتنا اڑے تھے؟ انٹیلی جنس ناکامی کی ذمے داری کس کی ہے؟ مودی سرکار میں دہشت گرد حملےکیوں ہو رہے ہیں؟
کانگریس پارٹی کی رہنما پریانکا گاندھی نے بھارتی لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تشہیر کر رہی تھی کہ کشمیر میں امن و چین ہے، سیاح کشمیر جائیں، جنگ رکنے کا اعلان ہماری فوج یا حکومت نے نہیں امریکی صدر نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام میں ایک گھنٹے تک دہشت گرد چن چن کر 26 لوگوں کو مار ڈالتے ہیں، پہلگام میں ہلاک شخص کی اہلیہ نے کہا کہ کوئی سیکیورٹی اہلکار نہیں تھا۔
پریانکا گاندھی نے کہا کہ بھارتی عوام کی حفاظت کی ذمے داری کس کی ہے؟ پہلگام حملہ کے پیچھے انٹیلی جنس کی ناکامی ہے، کل وزیرِ دفاع نے ایک گھنٹہ بولتے ہوئے تاریخ پر لیکچر دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ دفاع نے یہ نہیں بتایا کہ پہلگام حملہ کیسے ہوا؟ آپ چھپ نہیں سکتے کہ آپ نے ان لوگوں کی حفاظت نہیں کی، ایجنسیوں کی ذمے داری کون لے گا؟
پریانکا گاندھی نے کہا کہ کیا آئی بی چیف نے استعفیٰ دیا؟ کسی اور نے استعفیٰ دیا، کیا وزیرِ داخلہ نے استعفیٰ دیا؟ استعفیٰ تو چھوڑیے، کیا انہوں نے ذمے داری لی؟
انہوں نے کہا کہ آپ کو بہانا چاہیے، پورےخاندان کا نام گنوا دیتے ہیں، اپنی ذمے داری لیجیے، امیت شاہ کی ناک کے نیچے منی پور جل گیا، دلی فسادات ہوئے، پہلگام واقعہ ہوا۔
پریانکا گاندھی نے کہا کہ کھوکھلے بیانات نہیں، جواب جاننا چاہتے ہیں، 22 اپریل کو کیا ہوا اور کیوں ہوا، امیت شاہ نے اس کا جواب نہیں دیا کہ سیز فائر کیوں ہوا، جنگ رکی کیوں؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپریشن میں ہمارے طیاروں کا نقصان نہیں ہوا تو صاف صاف بتا دیں۔