• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہادی شکیل وکلاء پینل نے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے انتخابی نتائج کومسترد کر دیا

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) ہادی شکیل وکلاء پینل نے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے احتجاجی حکمت عملی پر غور کیلئے صوبے بھر کے وکلاء کا اجلاس طلب کرلیا ، اس بات کا اعلان صدارتی امیدوار قاری رحمت اللہ نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں سینئر قانون دان ہادی شکیل و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا ، انہوں نے کہا کہ ہم انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرتے اور مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف صوبے بھر کے وکلاء کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کیخلاف جلد احتجاج کا آغاز کرنے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ 27 مئی کو کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات ہوئے ریٹرننگ افسر کے مطابق انتخابات کے دوران کل 706 بیلٹ پیپرز جاری ہوئے جبکہ بیلٹ بکس سے 717 ووٹ نکلے ، اگر ریٹرننگ افسر کی بات مان بھی لی جائے تو بیلٹ بکس سے نکلنے والے 11 ووٹ کس طرح کاسٹ ہوئے ، انہوں نے کہا کہ کل 998 بیلٹ پیپرز پرنٹ کراکے ریٹرننگ افسر کے حوالے کئے گئےجبکہ ریٹرننگ افسر کا موقف ہے کہ 294 بیلٹ پیپرز ان کے پاس موجود ہیں جو استعمال نہیں ہوئے ، یوں انتخابات میں 706 بیلٹ پیپرز استعمال ہوئے اگر 998 بیلٹ پیپرز میں سے استعمال اور غیر استعمال شدہ بیلٹ پیپرز کو نکالا جائے تو کاسٹ ہونے والے ووٹوں کی تعداد 704 بنتی ہے جبکہ ریٹرننگ افسر کاسٹ ہونے والے ووٹوں کی تعداد 706 بتارہے ہیں ،جبکہ انتخابات میں بیس بیلٹ پیپرز پر ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرنگ افسر کے دستخط نہ ہونے پر منسوخ تصور کیے گئے ، انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج نے انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھا دیئے ہیں ،اس موقع پرانہوں نے مطالبہ کیا کہ بار کونسل کے گزشتہ پانچ سال کی آڈٹ رپورٹ مرتب کی اور گزشتہ روز ہونے والے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے انتخابی نتائج کالعدم قرار دیکر شفاف انتخابات کرائے جائیں۔
تازہ ترین