• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ شہباز کی پیشی، گارڈز کو روکنے پر تلخ کلامی

رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی لاہور کی احتساب عدالت میں سماعت کے موقع پر پولیس اہلکاروں نے حمزہ شہباز کے ذاتی گارڈز کو احتساب عدالت جانے سے روک دیا، اس موقع پر تلخ کلامی بھی ہوئی۔

احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے رخصت پر ہونے پر جج وسیم اختر نے کیسز کی سماعت کی۔

رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی لاہور کی احتساب عدالت میں سماعت 11 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

عدالت نے دونوں کیسز میں مسلم لیگ نون کے رہنماشہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو آج طلب کر رکھا تھا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز اورآشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ شہبازشریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکے۔

عدالت نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ایک دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے آشیانہ اقبال کیس میں گواہان کو بیانات قلمبند کرنے کےلیے طلب کر رکھا تھا تاہم معزز جج کی رخصت کے باعث آج گواہوں کے بیانات قلم بند نہ کیے جاسکے۔

شہباز شریف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف علاج کے لیے ملک سے باہر ہیں، ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے رہے ہیں۔

احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ کیا یہ پہلی درخواست ہے یا اس سے پہلے بھی حاضری سے معافی کی درخواست دی جا چکی ہے، رمضان شوگر مل میں دوسرا ملزم کون ہے؟

حمزہ شہباز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز دوسرےملزم ہیں اور وہ عدالت میں موجود ہیں۔

جج نے کہا کہ احتساب عدالت کے متعلقہ جج رخصت پر ہیں اس لیے کیس ملتوی کر رہے ہیں۔

نون لیگی رہنماؤں کے خلاف کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جن کے تحت پولیس کی بھاری نفری عدالت کے گرد تعینات کی گئی تھی اور غیر متعلقہ افراد کو نیب عدالت جانے سے روک دیا گیا تھا۔

پولیس اہلکاروں نے حمزہ شہباز کے ذاتی گارڈز کو احتساب عدالت جانے سے روک دیا، اس موقع پر تلخ کلامی بھی ہوئی۔

عدالت کے باہر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک چلانے میں ناکام ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزراء ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے ہیں، ان کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے، حکومت کے وزراء سوائے تنقید کےکچھ نہیں کر رہے۔

حمزہ شہباز کا یہ بھی کہنا تھا کہ مہنگائی نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، اتنی بری حالت کبھی نہیں دیکھی۔

تازہ ترین